اینکر ابصا کومل کی جانب سے ان کے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ٹوئیٹ میں بتایا گیا کہ کل معزز شبلی فراز صاحب کو میرے 'اچھا' کہنے کے انداز پر اعتراض ہو گیا۔
دوسری جانب، صحافی نادیہ نقی نے ابصا کومل کی ٹوئیٹ کو قوٹ کرتے ہوئے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کو کیا ہوا ہے، یہ تم پر چلّا کیوں رہے ہیں؟ غصے سے لگ رہا ہے جیسے معاملات ان کی من چاہی سمت میں نہیں جا رہے۔
گذشتہ شب، پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما شبلی فراز اور اینکر ابصا کومل کے مابین ڈان نیور کے پروگرام کے دوران شدید تکرار ہو گئی جب رہنما تحریک انصاف پروگرام میں ریسرچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہہ رہے تھے کہ یہ آج کا نہیں ہے آپ کو ابھی بھی سمجھ نہیں آئی کہ پاکستان کے عوام کیا چاہتے ہیں۔ ان کی بات پر اینکر نے عمران خان کے مارشل لا والے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ عمران خان صاحب کو مارشل لا سے ڈر کیوں نہیں ہے، ایسی کیا طاقت ہے جو وہ سمجھتے ہیں ان کے پاس ہے؟
شبلی فراز نے اس سوال کے ردعمل میں کہا کہ عمران خان عوام کی طاقت ہیں وہ عوام کے نمائندے ہیں۔ اس سے قبل کہ وہ مزید کچھ کہتے وہ اینکر کے 'اچھا' کہنے پر غصے میں آگ بگولہ ہو گئے اور ان پر چلانا شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے 'اچھا' ایسے کہا ہے جیسے آپ مجھ پر طنز کر رہی ہیں۔
ان کے اچانک اس طرح چلانے پر ابصا کومل نے کہا کہ شبلی فراز کو ان کے انداز گفتگو پر اعتراض ہے، اور وہ طنز کرنے کا الزام عائد کر رہے ہیں۔
شبلی فراز نے اپنے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ آپ طنزیہ انداز میں بات کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ خدانخواستہ ہم آپ لوگوں کی وجہ سے بنے ہیں، ایسا بالکل نہیں ہے۔ ہمارا لیڈربہت مخلص اور پاکستان کا مقبول ترین لیڈر ہے۔