آپ نے عمران خان کا قافلہ رش میں پھنسانا ہے، عامر کیانی کی پارٹی ورکرز کو ہدایت

02:48 PM, 2 Nov, 2022

نیا دور
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے حقیقی آزادی مارچ کی کامیابی کے لئے ہر ممکن کوشش جاری ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لئے تحریک انصاف کے رہنماؤں نے مارچ کے قافلے کو 'رش میں پھنسانے' کا منصوبہ بنا لیا۔ پی ٹی آئی رہنما عامر کیانی کی ہدایت دیتے ہوئے ویڈیو منظر عام پر آ گئی۔

سوشل میڈیا پر گردش کرتی ہوئی ویڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ گذشتہ روز ہونے والے پی ٹی آئی اجلاس میں مرکزی نائب صدر عامر کیانی غالباً مارچ شرکا کی زیادہ تعداد دکھانے کے لئے لانگ مارچ کے قافلے کو رش میں پھنسانے کا منصوبہ بیان کر رہے ہیں۔

عامر کیانی نے کہا کہ عمران خان جمعہ کو 4 بجے گوجر خان پہنچیں گے۔ وہاں آپ نے عمران خان کا قافلہ دو گھنٹے رش میں پھنسانا ہے۔

دوسری جانب سے پی ٹی آئی رہنما ویڈیو میں کہتے سنائی دیتے ہیں کہ رش میں تو پھنسائیں گے۔

گوجر خان میں گذشتہ روز ہونے والے پی ٹی آئی اجلاس کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے، جس میں مرکزی نائب صدر عامر کیانی پارٹی ورکرز کو مارچ کے حوالے سے ہدایات دے رہے ہیں۔

یہ ویڈیو جیو نیوز پر نشر بھی ہوئی جسے بعض ٹوئٹر صارفین نے ٹوئیٹ کیا تو مریم نواز نے بھی اس پر مذاق اڑانے کا سا ایموجی بنا کر ٹویٹ کر دیا۔

https://twitter.com/lawliga/status/1587716123180425216

یہ واضح نہیں کہ عامر کیانی کی یہاں رش سے کیا مراد تھی۔ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے صارفین کا کہنا ہے کہ ان کا مطلب زیادہ سے زیادہ لوگ لا کر قافلے میں شامل کروانے کا تھا۔

تاہم، مسلم لیگ ن کے کارکنان و مداحین اس سے عوام کے رش کا معنی اخذ کر رہے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ عمران خان کے لانگ مارچ میں ان کے حامیوں کی تعداد کم، راہ چلتے لوگوں کی زیادہ ہے جنہیں سڑک پر مارچ کا حصہ دکھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مزیدخبریں