71 کروڑ ڈالر کی قسط، اقتصادی جائزہ کیلئے آئی ایم ایف وفد کے ساتھ مذاکرات شروع

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا جائزہ مشن مذاکرات کے لیے مشن چیف ناتھن پورٹر کی سربراہی میں وزارت خزانہ پہنچا. یہ مذاکرات 15 دن جاری رہیں گے۔ 10 دن تک پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات ہوں گے جب کہ 5 دنوں میں پالیسی سطح کے مذاکرات ہوں گے۔

12:33 PM, 2 Nov, 2023

نیا دور

عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان اقتصادی جائزہ مذاکرات کا آغاز ہوگیا ہے۔ آئی ایم ایف وفد پاکستانی معاشی ٹیم سے مذاکرات کیلئے وزارت خزانہ پہنچ گیا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا جائزہ مشن مذاکرات کے لیے مشن چیف ناتھن پورٹر کی سربراہی میں وزارت خزانہ پہنچا. جہاں 71 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط کے لیے اقتصادی جائزے پر ٹیکنیکل سطح کے مذاکرات شروع ہوگئے۔ مذاکرات میں وزارت خزانہ میں قائم آئی ایم ایف آفس کے 2 لوگ شریک ہوں گے۔مجموعی طور پر 10 افراد 15 دن تک پاکستانی معاشی ٹیم سے مذاکرات کریں گے۔ یہ مذاکرات 15 دن جاری رہیں گے۔ 10 دن تک پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات ہوں گے جب کہ 5 دنوں میں پالیسی سطح کے مذاکرات ہوں گے۔

آئی ایم ایف وفد سے اقتصادی جائزے پر مذاکرات کیلئے وزارت خزانہ نے تمام وزارتوں کی کارکردگی رپورٹ مرتب کرلی ہے۔ 11 وزارتوں اور اتھارٹیز کی طے شدہ اہداف پر مکمل عملدرآمد اور جزوی عملدرآمد رپورٹ بھی تیار کی گئی ہے۔

آئی ایم ایف مشن نگران وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی سربراہی میں معاشی ٹیم سے ملاقات کرے گا۔ تعارفی سیشن کے بعد فریقین کے درمیان تکنیکی مذاکرات کا آغاز ہوگا۔ حکام وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف کا جائزہ مشن 8 آفیشلز پر مشتمل ہوگا۔

تکنیکی مذاکرات میں ڈیٹا کا تبادلہ ہوگا، پھر پالیسی سطح کے مذاکرات ہوں گےٹیکس اصلاحات، گردشی قرضے پر قابو پانے سمیت توانائی شعبے میں پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا۔

وزارت خزانہ، ایف بی آر، وزارت انرجی، وزارت پٹرولیم نے اہداف پر عملدرآمد کیا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، وزارت منصوبہ بندی، پیپرا نے بھی اہداف مکمل کیے۔ آئی ایم ایف کیساتھ کامیاب اقتصادی جائزہ مکمل ہونے پر 71 کروڑ ڈالر کی قسط ملے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آج آئی ایم ایف مشن کے وزارت پہنچنے پر معاشی ٹیم کا تعارفی سیشن ہوا۔ جس میں گورنر سٹیٹ بینک نے بھی شرکت کی۔ جائزہ مشن کو ابتدائی طور پر اہداف پر عملدرآمد رپورٹ پیش  کی گئی ہے۔

مزیدخبریں