سائفر کیس، عمران خان کی جیل ٹرائل کیخلاف اپیل پر سماعت کرنیوالا بینچ ٹوٹ گیا

بینچ سے الگ ہونے والے جسٹس ارباب محمد طاہر نے  کہا کہ وہ پہلی سماعت کے دوران جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی طرف سے دی گئی آبزرویشنز سے متفق ہیں۔

01:39 PM, 2 Nov, 2023

نیا دور

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کی سائفر کیس میں جیل ٹرائل اور جج تعیناتی کے خلاف دائر انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت سے قبل بینچ ٹوٹ گیا۔ جسٹس ارباب محمد طاہر بینچ سے الگ ہوگئے۔

سابق وزیراعظم کی جانب سے سائفر گمشدگی کیس میں جج تعیناتی اور جیل ٹرائل نوٹیفکیشن کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے کرنا تھی۔

بینچ میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر شامل تھے تاہم سماعت سے قبل ہی جسٹس ارباب محمد طاہر نے خود کو بینچ سے الگ کر لیا۔ 

بینچ سے الگ ہونے والے جسٹس ارباب محمد طاہر نے  کہا کہ وہ پہلی سماعت کے دوران جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی طرف سے دی گئی آبزرویشنز سے متفق ہیں۔

جسٹس ارباب محمد طاہر کے مطابق انہوں نے درخواست ہے کہ ان کے علاوہ  کسی اور جج پر مشتمل 2 رکنی بینچ کے سامنے یہ اپیل مقرر کی جائے۔

جسٹس ارباب محمد طاہر کے بینچ سے الگ ہوجانے کے بعد اب جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کیساتھ جسٹس ثمن رفعت آج سماعت کریں گی۔

یاد رہے کہ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل پر مؤقف واضح کرنے کیلئے وزارت قانون کے سینئر افسران کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی جیل  میں طبیعت خراب ہو گئی۔  جس کے بعد عدالت نے انہیں ہسپتال منتقل کرنے کی اجازت دے دی۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت اسلام آباد کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے  جیل انتظامیہ کی درخواست پر سائفر کیس میں قید پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اڈیالہ جیل میں طبیعت خراب ہونے پر جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی اجازت دے دی۔

جیل انتظامیہ نے عدالت کو بتایا کہ شاہ محمود قریشی کے ٹیسٹ کرانے ہیں، جیل ڈاکٹر کی ایڈوائس پر انہیں پمز منتقل کرنے کی اجازت دی جائے۔ جس پر عدالت نے شاہ محمود قریشی کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی اجازت دے دی۔

مزیدخبریں