سندھ کے صحرائے تھر میں لوگوں نے ٹڈیاں پکا کر کھانا شروع کر دیں

08:11 AM, 2 Oct, 2019

نیا دور
تھر میں فصلیں کھانے کے لیے آنے والی ٹڈیاں خود خوراک بن گئیں۔ ٹڈیاں کھیت کھانے چلی تھیں صحرائے تھر کے باسیوں نے انہی کو کھانا شروع کر دیا۔دوسری طرف ڈاکٹرز نے بھی ٹڈی پکوان کو صحت کے لیے بہترین خوراک قرار دے دیا ہے۔

میڈیا میں گردش کرنے والی خبروں کے مطابق سندھ کے صحرائے تھر میں رہنے والوں نے فصلوں پر حملہ کرنے والی ٹڈیاں پکا کر کھانا شروع کر دی ہیں۔ ٹڈیوں کا کڑاہی گوشت، ٹڈی فرائی اور ٹڈی بریانی آج کل تھر والوں کے مرغوب پکوان ہیں۔

ٹڈی پکوان کے حوالے سے ڈاکٹرز نے انکشاف کیا ہے کہ ٹڈی میں پروٹینز کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے لیکن اس کی حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صفائی ضروری ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ٹڈی کے پکوان صرف مقامی سطح پر ہی مشہور نہیں ہیں بلکہ انہیں اب بڑے شہروں میں بھی فروخت کیا جا رہا ہے۔

ٹڈی دل کھانے والوں کے مطابق اس کا گوشت بہت لذیذ ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ چند ماہ قبل ٹڈی دل نے تھرپارکر سمیت دیگر علاقوں میں حملہ کردیا تھا جس سے کسان اپنی فصلوں کی حفاظت کیلئے پریشان تھے۔

ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے اسپرے مہم کیلئے خصوصی فنڈ بھی جاری کیا گیا تھا، اس کے باوجود بھی کوئی خاص حل نہ نکلنے پر یہاں کے رہائشیوں نے خود ہی اس مسئلے سے نمٹنے کی ٹھانی اور وٹامنز سے بھرپور ٹڈی کو خود کھانا شروع کردیا۔
مزیدخبریں