عمران خان کی تقریر کیسی تھی؟ بلاول کا یوٹرن

03:42 PM, 2 Oct, 2019

نیا دور
بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ میں کی جانے والی تقریر پر تنقید کی تھی تاہم اس حوالے سے اب انہوں نے نیا بیان داغ دیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان سے یوٹرن لیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی تقریر کو اچھا قرار دیدیا تاہم ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ ان کا فوکس کشمیر ہونا چاہیے تھا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں اچھی تقریر کی لیکن مقبوضہ کشمیر پر جو تاریخی حملہ ہوا، صرف اس پر ہی فوکس کرنا چاہیے تھا، انھیں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بات کرنی چاہیے تھی۔

زلزلہ متاثرین کیساتھ ملاقات کے بعد میرپور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وفاق سے درخواست کرتی ہے کہ عوام کی ضرورت زیادہ ہے اس حساب سے مدد کی جائے۔ یہاں کے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور سٹاف کی ضرورت ہوگی، سندھ حکومت کی طرف سے مدد کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عوام مشکلات سے دوچار ہیں، حکومت کو جانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ایک خاص رشتہ ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بہن بھائی قید میں ہیں۔ کشمیریوں کا حق ہے کہ ان کو تمام انسانی حقوق ملیں۔ ہماری پوری کوشش ہے ہم اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کی آواز بلند کریں۔
مزیدخبریں