جس دن عمران خان نے کہا شہباز شریف کو اسلام آباد میں بند کر دو ہم انہیں بند کر دیں گے، مونس الہیٰ

03:29 PM, 2 Sep, 2022

نیا دور
چوہدری مونس الٰہی کا کہنا ہے کہ اگر عمران خان کہیں تو شہباز شریف کو اسلام آباد میں ہی بند کر دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری مونس الہٰی نے گجرات میں منعقدہ تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور مسلم لیگ ن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ جس دن عمران خان نے کہا شہباز شریف کو اسلام آباد میں ہی بند کر دو ہم انہیں ادھر ہی بند کر دیں گے۔ انہوں نے نواز شریف کی صاحبزادی، وزیر اعظم اور حمزہ شہباز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مریم بی بی گجرات میں کارنر میٹنگ کے لیے آئی تھیں، انہوں نے بہت باتیں کیں، میں مریم بی بی کو بتانا چاہتا ہوں، انہوں نے جلسی کی تھی اب یہاں آ کر دیکھیں اصل میں یہ جلسہ ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مریم بی بی سن لیں! ابا جی، چچا جی اور ککڑی، پی ڈی ایم سمیت سب مل جائیں تو بھی عمران خان کے برابر نہیں ہوں گے۔ مونس الہٰی نے کہا کہ عمران خان گجرات سے الیکشن لڑیں تو انہیں یقین دلاتے ہیں کہ گجرات سے انہیں میانوالی سے زیادہ لیڈ دلوائیں گے۔ بعد ازاں وزیر اعلٰی پنجاب پرویز الہٰی نے گجرات میں منعقدہ تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو تہائی اکثریت کے ساتھ عمران خان وزیراعظم بنیں گے تو اس وقت کالا باغ ڈیم بنے گا، یہ عمران خان کے علاوہ کوئی نہیں بنا سکتا، اس سے بجلی بنے گی، پانی بھی محفوظ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام ایکسپرٹ کو دوبارہ بٹھایا جا سکتا ہے، کام شروع کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے قائد ، ہمارے لیڈر عمران خان، نوجوان دوستو، ساتھیوں اور تمام خواتین کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ عمران خان کو یقین دلاتا ہوں گجرات کی سر زمین وفا کی زمین ہے، یہاں پر سب سے زیادہ نشان حیدر ہیں، ملک کی کوئی ایسی جنگ نہیں جس میں گجرات کے سپوتوں نے جام شہادت اور نشان حیدر نہ لیا ہو۔

گجرات کا ماحول تعلیم سے بدلا ہے، 10 لڑکیوں سمیت 17 ہزار طلبہ پڑھتے ہیں، یہاں پر دشمنیاں بہت ہوتی تھیں، قتل و غارت ہوتی تھیں، اب ہم نے بہت کچھ بدل دی ہے، حمزہ ککڑی نے یہاں لیپ ٹاپ تقسیم کیے تو کہا لڑکیوں کو کہا آئندہ الیکشن میں ہمیں یاد رکھنا، تو بچیوں نے کہا جنہوں نے یونیورسٹی بنائی انہیں یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں ایک اور بہت بڑی یونیورسٹی بنا رہے ہیں، تعلیم ہی ایک راستہ ہے جو صحیح ہے جس سے ملک میں تبدیلی آ سکتی ہے، بیروزگاری کو ختم کرنے کا ایک اور راستہ ہے ، گجرات میں انڈسٹریاں بنتی جا رہی ہیں، جس کے باعث بیرزگاری کا خاتمہ ہو رہا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کا گڑھ ضلع گجرات ہے۔

مزیدخبریں