'علوی سے استعفیٰ، سنجرانی کو قائم مقام صدر بنانے کا فیصلہ؟'

اسٹیبلشمنٹ کو عوامی مسائل کا اندازہ نہیں ہے مگر انہیں یہ ضرور پتہ تھا کہ صادق سنجرانی کو کس موقع پر اور کہاں استعمال کرنا ہے۔ موجودہ معاشی حالات کی ذمہ داری کچھ حد تک شہباز شریف پر بھی عائد ہوتی ہے اور محتاط اندازے کے مطابق انتخابات میں ن لیگ کا 10 فیصد ووٹ بنک کم ہو جائے گا۔

10:09 PM, 2 Sep, 2023

نیا دور
Read more!

طاقتور حلقے نہیں چاہتے کہ صدر عارف علوی 9 سمتبر کے بعد بھی عہدہ صدارت پر براجمان رہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کی صدر سے ملاقات میں جہاں دیگر معاملات پر بات ہوئی ہو گی، وہیں اشاروں کنایوں میں صدر عارف علوی کو یہ پیغام ضرور دیا گیا ہو گا کہ صدر 9 ستمبر کے بعد استعفیٰ دے کر گھر چلے جائیں۔ صادق سنجرانی کا نام اگرچہ نگران وزیر اعظم کے لئے سامنے آیا تھا مگر انہیں موجودہ صورت حال کے لئے بچا کے رکھا گیا تھا۔ یہ کہنا ہے سینیئر صحافی جاوید فاروقی کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں سینیئر صحافی افتخار احمد نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو عوامی مسائل کا اندازہ نہیں ہے مگر انہیں یہ ضرور پتہ تھا کہ صادق سنجرانی کو کس موقع پر اور کہاں استعمال کرنا ہے۔ موجودہ معاشی حالات کی ذمہ داری کچھ حد تک شہباز شریف پر بھی عائد ہوتی ہے اور محتاط اندازے کے مطابق انتخابات میں ن لیگ کا 10 فیصد ووٹ بنک کم ہو جائے گا۔

ان کے مطابق ہمارے ملک کی سیاسی جماعتوں کو تسلیم کر لینا چاہئیے کہ وہ ناکام ہو چکی ہیں۔ پارلیمنٹ نے پچھلے 15 سالوں سے اپنا کردار ادا نہیں کیا۔ سیاسی رہنماؤں کا محض ایک ہی مطمع نظر ہوتا ہے کہ وہ اپنا اثر و رسوخ استعمال کر کے اسمبلیوں میں پہنچ جائیں۔ موجودہ سیاست دانوں کی موجودگی میں سسٹم میں تبدیلی آنے کا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔

رضا رومی کی میزبانی میں نیا دور ٹی وی کا پروگرام 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر پیش کیا جاتا ہے۔

مزیدخبریں