لاہور گینگ وار؛ مقتول امیر بالاج کے مخالف طیفی بٹ کا بہنوئی فائرنگ سے ہلاک

پولیس کے مطابق فائرنگ کی زد میں آ کر طیفی بٹ کا بہنوئی محمد جاوید بٹ موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ مقتول کی بیوی فائر لگنے سے زخمی ہو گئیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ گاڑی میں سوار مقتول جاوید بٹ کی بیٹی محفوظ رہی۔

05:55 PM, 2 Sep, 2024

نیوز ڈیسک

لاہور گینگ وار سے جڑا ایک اور کردار اور امیر بالاج قتل کیس کے ملزم طیفی بٹ کا بہنوئی نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔

ایف سی کالج کے قریب مسلم ٹاؤن انڈر پاس پر 4 موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی جس میں طیفی بٹ کا بہنوئی جاوید بٹ، بہن ثمینہ اور بھانجی سوار تھے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور اچھرہ کی جانب سے گاڑی کا تعاقب کرتے آ رہے تھے اور ایف سی کالج کے قریب انہوں نے گاڑی پر فائرنگ کی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کی زد میں آ کر محمد جاوید بٹ موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ مقتول کی بیوی فائر لگنے سے زخمی ہو گئیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ گاڑی میں سوار مقتول جاوید بٹ کی بیٹی محفوظ رہی۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔ اخلاق اللہ تارڑ نے بتایا کہ جاوید بٹ اپنی بیوی ثمینہ کے ہمراہ اپنی پوتی اور پوتوں کو سکول سے لینے جا رہے تھے، جب ایف سی کالج انڈر پاس کے قریب پہنچے تو دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ 5 گولیاں جاوید بٹ کو اور دو گولیاں ثمینہ جاوید کو لگیں۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔

طیفی بٹ پر الزام ہے کہ انہوں نےامیر بالاج ٹیپو کے دوست احسن شاہ کے ذریعے امیر بالاج ٹیپو کو قتل کروایا تھا۔ امیر بالاج کا قاتل ملزم طیفی بٹ کا ملازم ہے۔

یاد رہے کچھ روز قبل مقتول امیر بالاج کے دوست احسن شاہ مبینہ پولیس مقابلے میں مارے گئے تھے۔ احسن شاہ نے امیر بالاج کی ریکی کی تھی اور ان کی مخبری پر ہی امیر بالاج کو ایک شادی کی تقریب میں فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں