اب خبر سامنے آئی ہے کہ امریکہ کی پٹسبرگ یونیورسٹی کے ماہرین کی جانب سے تیار کردہ منفرد ویکسین کا پہلا مرحلہ کامیاب ہو گیا ہے اور اب ماہرین ویکسین کی آزمائش کے دوسرے مرحلے میں جانے کے لیے تیار ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پٹسبرگ یونیورسٹی کے ماہرین کی جانب سے تیار کردہ جیلی یا کریم کی طرح کی ویکسین کی چوہوں پر کامیاب آزمائش ہوئی ہے، جس کے بعد ماہرین کو امید ہے کہ مذکورہ ویکسین انسانوں پر آزمائش کے بھی اچھے نتائج دے گی۔
پٹسبرگ یونیورسٹی کی جانب سے بھی جاری کردہ ویڈیو میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر انہوں نے چوہوں پر مذکورہ ویکسین کی آزمائش کی، جس کے حوصلہ مند اور اچھے نتائج ملے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پٹسبرگ یونیورسٹی کے ماہرین کی جانب سے تیار کردہ ویکسین تیاری کے مراحل میں دیگر ویکسین سے منفرد ہے، چوں کہ مذکورہ ویکسین انجکشن یا دوائی کی صورت میں نہیں بلکہ مالش کے لیے استعمال ہونے والی جیلی یا کریم کی طرح ہے۔
پٹسبرگ یونیورسٹی کی جانب سے تیار کردہ ویکسین کو مائکرو نیڈل ایرے کا نام دیا گیا ہے جو کسی جیلی کی طرح ہے اور وہ متاثرہ مریض کی جلد پر لگائی جائے گی۔
رائٹرز کے مطابق یونیورسٹی کی جانب سے تیار کی گئی ویکسین چینی اور پروٹین کے اجزا سے تیار کی گئی اور اسے متاثرہ مریض کے جسم پر لگانے سے اس کا مدافعتی نظام مضبوط ہوگا۔ مدافعتی نظام کو بڑھانے والی مذکورہ ویکسین جلد میں جذب ہونے کے بعد انسانی خون کو تقویت فراہم کرے گی، جس سے انسان کا مدافعتی نظام مضبوط ہوگا۔
اسی ویکسین کے حوالے سے جریدے ای بائیو میڈیسین میں شائع تحقیق کے مطابق اس ویکسین کو چوہوں پر آزما کر ان کے اندر اس نئے نوول کرونا وائرس کے خلاف مخصوص اینٹی باڈیز کو اتنی مقدار میں پیدا کیا گیا کہ وہ وائرس کو ناکارہ کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
واضح رہے کہ یہ پہلی تحقیق ہے جسے کسی معتبر جریدے میں شائع کیا گیا ہے اور اسے تیار کرنے والی یونیورسٹی سے ہٹ کر دیگر سائنسدانوں نے بھی اس پر نظرثانی کی۔