پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے نیوزی لینڈ نے سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن اور مچل سینٹنر سمیت 9 اہم کھلاڑی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اور ایک کھلاڑی کاؤنٹی کھیلنے کی وجہ سے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق کاؤنٹی کھیلنے کی وجہ سے ول ینگ جبکہ گھریلو مصروفیات کی باعث ٹام لیتھم بھی دستیاب نہیں ہو پائیں گے اور ٹم ساؤتھی کو ورک لوڈ منیجمنٹ کے تحت دورہ پاکستان کیلئے آرام دیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
سکواڈ میں تجربہ کار اور نئے ٹیلنٹ کو شامل کیا گیا ہے۔ ان میں 7 کھلاڑی پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سکواڈ کا حصہ رہ چکے ہیں۔
نیوزی لینڈ گزشتہ برس کی طرح اس بار بھی پاکستان کے ٹور پر اپنی دوسرے درجے کی ٹیم بھیجے گا، اس بار بھی وجہ آئی پی ایل ہی ہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان کے لئے اعلان کردہ ٹیم کیلئے اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کی وجہ سے مائیکل بریس ویل پہلی مرتبہ نیوزی لینڈ کی قیادت کریں گے۔
نیوزی لینڈ کے ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں فن ایلن، مارک چیپمین، جوش کلارکسن، جیکب ڈفی، ڈین فاکس کرافٹ، بین لسٹر اور کول مک کونچی کے نام شامل ہیں، ایڈم ملنے، جمی نیشم، بین سیئرز، ٹم سائفرٹ اور اش سودھی بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے جبکہ ٹم رابن سن اور ول اورارکی کو پہلی مرتبہ سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا آغاز 18 اپریل سے ہو گا، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 12 اپریل کو پاکستان کیلئے روانہ ہوگی۔