تفصیلات کے مطابق نور مقدم اور نسیم بی بی کے قتل کے بعد اسلام آباد میں ایک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ایک اور خاتون کو شدید تشدد کرنے کے بعد قتل کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر ایف الیون سے خاتون کی تشدد زدہ بوری بند لاش برآمد ہوئی ہے۔خاتون کو قتل کے بعد بوری بند لاش کچرے میں پھینکی گئی۔پولیس کے مطابق مقتولہ کی عمر 25 سال ہے جب کہ پوسٹ مارٹم بھی کروا لیا گیا ہے۔لڑکی کے جسم پر تشدد کے کئی نشانات موجود ہیں۔ تھانہ گولڑہ میں خاتون کی بوری بند لاش ملنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ واقعے نے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔
متقولہ کے حوالے سے تاحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔پولیس نے اس حوالے سے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی واقعے میں ملوث عناصر کو پکڑنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
یاد رہے کہ 20 جولائی کو اسلام آباد میں تھانہ کوہسار کے علاقے سیکٹر ایف سیون فور میں نوجوان خاتون کو لرزہ خیز انداز میں قتل کردیا گیا تھا ، خاتون کو تیز دھار آلے سے بہیمانہ انداز میں قتل کیا گیا ، لڑکی کا گلا کاٹنے کے بعد سر کاٹ کر جسم سے الگ کر دیا گیا ، واقعے کی اطلاع موصول ہوتے ہی سینئر افسران اور متعلقہ ایس ایچ او موقع واردات پر پہنچے اور تحقیقات کیں اور قتل میں ملوث ظاہر جعفر نامی شخص کو موقع واردات سے گرفتار کرکے تھانے منتقل کرکے وقوعہ کا مقدمہ درج کر دیا تھا۔
گولڑہ پولیس کے مطابق لاش کے فنگر پرنٹس حاصل کئے گئے ہیں اور اس کو مزید شناخت کے لئے نادرہ بھیج دیا گیا ہے. پولیس کے مطابق گزشتہ دو مہینوں میں لاپتہ ہونے والی لڑکیوں کے والدین سے رابطہ کررہے ہیں تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ یہ لاش ان کے کسی رشتہ دار کی تو نہیں. پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ ابھی آئی نہیں ہے اس لئے پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد یہ معلوم ہوگا کہ کیا لڑکی کو تشدد کرکے ہلاک کیا گیا ہے یا کسی اور طریقے سے قتل کیا گیا ہے