مظفر آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون آزاد کشمیر کے صدر نے کہا کہ دھاندلی کے خلاف آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ مل کر احتجاج کریں گے، دھاندلی کے خلاف وائٹ پیپر شائع کر رہے ہیں.
سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ عوام تک تمام حقائق پہنچائیں گے اور تیرہویں ترمیم کا بھر پور دفاع کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو عوامی مفادات کے خلاف اقدامات پر پوری قوت سے جواب دیں گے مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر کا کہنا تھا کہ انتخابات کے نتائج تسلیم نہیں کرتے، بھرپور احتجاج کریں گے.
قبل ازیں آج آزاد جموں کشمیر کی نومنتخب قانون ساز اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر کی صدارت میں ہوا جس میں نئے منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا اسپیکر شاہ غلام قادر نے نو منتخب اراکین سے حلف لیا. آزاد کشمیر اسمبلی کے 49 نو منتخب اراکین نے حلف اٹھایا، جبکہ 3 اراکین ایوان میں حاضر نہیں ہوئے جن میںمسلم کانفرنس کے قائد سردار عتیق احمد خان ، پیپلز پارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی اور چوہدری یاسین شامل ہیں.
تقریبِ حلف برداری کے بعد آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس دن 2 بجے تک ملتوی کر دیا گیا جس کے بعد آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی پاکستان تحریکِ انصاف نے سپیکر کے لیے چوہدری انوار الحق جبکہ ڈپٹی سپیکر کے لیے جاوید گجر کو نامزدکیا تھا جبکہ وزارتِ عظمیٰ کے لیے نام کی منظوری آج اہم اجلاس متوقع ہے.
دوسری جانب پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کے سپیکر کے لیے مشترکہ امید وار پیپلز پارٹی کے فیصل راٹھور کو نامزد کیا گیا ہے حزب اختلاف کی دونوں بڑی جماعتوں کی جانب سے ڈپٹی سپیکر کے لیے مسلم لیگ نون کی امیدوار نثاراں عباسی ہیں جبکہ دونوں جماعتوں کے درمیان طے شدہ فارمولے کے تحت وزیراعظم کے لیے پیپلزپارٹی امیدوار نامزدکرئے گی جسے نون لیگ کے اراکین ووٹ دیں گے. آزاد کشمیر میں وزیر اعظم کا انتخاب 4 اگست کو ہو گاجس کے بعدراجہ فاروق حیدر خان وزارت عظمی کے منصب سے سبکدوش ہو جائیںاسمبلی کی تین مخصوص نشستوں کے انتخاب کے ساتھ ہی 53 رکنی ایوان مکمل اور آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی ذمہ داریاں ختم ہو گئی تھیں.