واضح رہے کہ اسپشل سینٹرل کورٹ نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں سلیمان شہباز کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کی تھیں، جب کہ عدالت نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں سلیمان شہباز کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے۔
یہ فیصلہ 9 صفحات پر مشتمل ہے۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی مقولہ اور غیر منقولہ جائیداد اور ملکیتی اثاثوں کو قرق کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل ہی ایف آئی اے کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی جائیدادوں کی تفصیلات منظر عام پر آئی تھیں۔ رپورٹ کے مطابق سلیمان شہباز کے نام چنیوٹ میں 200 کنال سے زائد اراضی ہے، اور ان کے مختلف بینکوں میں 29 اکاؤنٹس موجود ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سلیمان شہباز کے بینک اکاؤنٹس میں 3 کروڑ 70 لاکھ 24 ہزار 500 روپے موجود ہیں، اور ان کے 13 کمپنیوں میں 19 کروڑ سے زائد کے شیئرز ہیں۔
عدالت نے سلیمان شہباز کے 13 کمپنیوں کے شیئرز اور 29 بینک اکاؤنٹس کو بھی قرق کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ تفتیشی افسر سلیمان شہباز کی دیگر جائیدادوں کی تفصیلات بھی عدالت کو پیش کرے۔ عدالت نے وزیراعظم شہبازشریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سلیمان شہباز کی چنیوٹ میں 200 کنال زرعی اراضی قرق کردی گئی ہے، اور ان کی قرقی کا آرڈر ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کو بھیج دیا گیا ہے۔