سیالکوٹ واقعے پر آرمی چیف شدید برہم، گھنائونے واقعے میں ملوث مجرموں کو گرفتار کرنے کا حکم

04:09 PM, 3 Dec, 2021

نیا دور
آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ اس میں ملوث تمام مجرموں کو گرفتار کرنے کیلئے انتظامیہ کی مدد کی جائے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہجوم کے ہاتھوں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کا بہیمانہ قتل قابل مذمت اور انتہائی شرمناک ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ماورائے عدالت ایسے کسی بھی اقدام کی قطعی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ اس گھنائونے واقعے میں ملوث مجرموں کی گرفتاری کیلئے انتظامیہ کی مدد کی جا ئے تاکہ انھیں انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکن مینجر کا زندہ جلایا جانا پاکستان کیلئے ایک شرمناک دن ہے:وزیراعظم

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ کی ایک فیکٹری میں کام کر رہے سری لنکن مینجر کو زندہ جلائے جانے والے واقعے کو پاکستان کیلئے ایک شرمناک دن قرار دیدیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ مشتعل گروہ کا سیالکوٹ میں ایک کارخانے پر گھناؤنا حملہ اور سری لنکن مینجر کا زندہ جلایا جانا پاکستان کیلئے ایک شرمناک دن ہے۔

وزیراعظم نے لکھا کہ میں خود اس معاملے کی تحقیقات کی نگرانی کر رہا ہوں۔ میں دو ٹوک انداز میں واضح کر دوں کہ ذمہ داروں کو کڑی سزائیں دی جائیں گی۔ گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔
مزیدخبریں