خاتون نے جنسی زیادتی کرنے والے شخص کا عضو تناسل کاٹ دیا

12:31 PM, 3 Feb, 2020

نیا دور

 کے مطابق فیصل آباد کے شہر جڑانوالہ میں مبینہ طور پر ایک خاتون نے اپنے ساتھ جنسی زیادتی کی کوشش کرنے والے شخص کا عضو تناسل کاٹ دیا۔


بی بی سی اردو  کے مطابق 30 جنوری کو پیش آنے والے اس واقعے کی ایف آئی آر لڑکی کے والد کی مدعیت میں تھانہ سٹی جڑانوالہ میں درج کرائی جا چکی ہے۔

لڑکی کے والد کے مطابق اس روز دن کے وقت جب وہ سودا سلف لانے شہر گئے تو واپسی پر ان کے گھر کے باہر متعدد افراد جمع تھے اور جب وہ گھر میں داخل ہوئے تو ان کی بیٹی خون میں لت پت رو رہی تھیں۔

ایف آئی آر کے مطابق ان کی بیٹی نے انھیں بتایا کہ ملزم زبردستی گھر میں داخل ہوا تو چھری سے مسلح تھا اور جب اس نے جان سے مارنے کی دھمکی دے کر ان سے جنسی زیادتی کی کوشش کی تو انھوں نے موقع دیکھ کر اس سے چھری چھینی اور اس کا عضو تناسل کاٹ دیا، جس کے بعد وہ شور مچاتا ہوا بھاگ گیا۔

جڑانوالہ پولیس کے مطابق ملزم پولیس کی حراست میں ہے اور ہسپتال میں زیرِ علاج ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے لڑکی کے والد نے بتایا کہ ’ہم بہت غریب لوگ ہیں۔ یہ لڑکا طویل عرصہ سے اوٹ پٹانگ حرکتیں کر رہا تھا۔‘

لڑکی کے والد کے مطابق وہ متعدد مرتبہ اس لڑکے کے گھر والوں سے بھی شکایت کر چکے تھے مگر اس کا بھی کوئی اثر نہیں ہوا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’انصاف کے مطالبے سے نہ تو میری بیٹی اور نہ ہی میں ایک قدم پیچھے ہٹوں گا۔ چاہے کچھ بھی ہو جائے۔‘
مزیدخبریں