مقبوضہ کشمیر میں قائداعظم کی تصویر والے ’یوم یکجہتی کشمیر‘ کے پوسٹر آویزاں

12:37 PM, 3 Feb, 2022

نیا دور
مقبوضہ کشمیر میں 5 فروری ’ یوم یکجہتی کشمیر‘ کے پوسٹر چسپاں کردیے گئے ہیں جس پر قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر بھی واضح ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قائد اعظم محمد علی جناح، پاکستان کے موجودہ وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی تصاویر والے پوسٹرز آویزاں کئے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ پوسٹر یوم یکجہتی کشمیر سے قبل مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں چسپاں کیے گئے ہیں جس میں سری نگر بھی شامل ہے۔

ان پوسٹرز پر پاکستان کی عوام، وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا تمام بین الاقوامی فورمز پر کشمیریوں کا مقدمہ موثر انداز میں پیش کرنے پر شکریہ ادا کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان پوسٹروں میں بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک اپنی حق پر مبنی جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیری عوام کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 5 فروری کو ہر سال کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جاتا ہے۔

پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر کا دن منانے کا آغاز 1991 میں کیا گیا تھا جب پاکستان کی پوری سیاسی قیادت نے متفقہ طور پر بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا تھا۔
مزیدخبریں