تفصیلات کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اپنے صاحبزادے چودھری مونس الٰہی کے ہمراہ وزیراعلیٰ آفس پہنچے اور ملک کی سیاسی صورتحال، بلدیاتی انتخابات اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر گفتگو کی۔
اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی اور وزیراعلیٰ پنجاب نے ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے دونوں جماعتوں کی جانب سے مل کر بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ہے۔ اہم امور پر آپ سے مشاورت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ عوام کی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر کو اپنی کارکردگی سے جواب دیں گے۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے دور میں جو پائیدار کام کئے، ان کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ مختصر مدت میں عوام کو ریلیف دیا اور ان کیلئے آسانیاں پیدا کیں۔ اپوزیشن کے پاس نہ کوئی بیانیہ ہے اور نہ کوئی حکمت عملی، عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ خلوص نیت کے ساتھ اتحاد کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ بلدیاتی الیکشن میں مشترکہ امیدوار سامنے لانے کیلئے بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا۔