اس سروے میں پورے پاکستان سے 1702 افراد شریک تھے جن کی عمریں 18 سال سے 50 سال یا اس سے بھی زیادہ تھیں۔ شرکا میں 46 فیصد خواتین اور 54 فیصد مرد شامل تھے۔ علاوہ ازیں، اس سروے میں رائے دینے والوں کی 54 فیصد تعداد کا تعلق پنجاب سے، 23 فیصد سندھ سے، 17 فیصد خیبرپختونخوا سے جبکہ 6 فیصد کا تعلق بلوچستان سے تھا۔
شرکا میں سے 23 فیصد کا کہنا تھا کہ بے روزگاری پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے جبکہ 21 فیصد نے مہنگائی کو ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا۔ 4 فیصد کے نزدیک کرونا وائرس کی وبا سب سے بڑا مسئلہ ہے جبکہ 11 فیصد نے کاروبار کے کم ہوتے ہوئے مواقع کو پاکستان کا سنگین ترین مسئلہ قرار دیا۔
اسی طرح حالیہ بجٹ کو بھی صرف 21 فیصد لوگوں نے قابلِ اطمینان قرار دیا۔ اگرچہ 27 فیصد لوگوں کا یہ خیال تھا کہ میاں شہباز شریف پاکستان کے موجودہ مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن دوسری جانب 57 فیصد افراد کی رائے یہ تھی کہ پی ٹی آئی کی حکومت کو اپنے 5 سال پورے کرنے چاہئیں جبکہ 29 فیصد کی رائے موجودہ حکومت کے جلد از جلد خاتمے کے لیے تھی۔