تفصیلات کے مطابق پیمرا نے سینٹرل میڈیا نیٹ ورک پرائیویٹ لمیٹیڈ کمپنی کو جاری کردہ لائسنس فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
پیمرا کے مطابق سینٹرل میڈیا نیٹ ورک پرائیویٹ لمیٹیڈ جاری لائسنس کے تحت ویلیو ٹی وی چینل پر انٹرٹینمنٹ سے متعلق مواد چلانے کا مجاز تھا جبکہ کمپنی پیمرا قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر 24 نیوز کے نام سے نیوز اینڈ کرنٹ افئیرز پر مبنی مواد نشر کر رہی ہے۔ پیمرا کے بار بار منع کرنے اور متعدد نوٹسز کے باوجود سینٹرل میڈیا نیٹ ورک نے چینل نشریات میں نیوز، کرنٹ افئیرز سے متعلق پروگرام جو کہ پیمرا قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں، جاری رکھیں۔
اس ضمن میں 7 مئی کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا تھا جس کے تحت کمپنی کو نیوز و کرنٹ افئیرز مواد فوری طور پر بند کرنے اور منظور شدہ انٹرٹینمنٹ مواد نشر کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے، تاہم متعدد مواقع فراہم کرنے کے باوجود چینل نے عمل نہ کیا۔
پیمرا کے مطابق تمام قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اتھارٹی نے سینٹرل میڈیا نیٹ ورک پرائیویٹ لمیٹیڈ کو جاری لائسنس فوری طور پر معطل کر دیا ہے تاوقتیکہ پروگرامنگ مکس جو کہ انٹرٹینمنٹ ہے کے مطابق چلانے کی یقین دہانی نہیں کرائی جاتی۔