عدلیہ کے غلط فیصلوں سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا: نوازشریف

07:02 AM, 3 Jul, 2023

نیا دور
سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ عدلیہ کے غلط فیصلوں سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ گزشتہ دور میں ججز پر دباؤ ڈال کر بھی غلط فیصلے صادر کرائے گئے۔ 150 سے زائد پیشیاں بھگت کر بھی انصاف نہیں ملا۔

سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی دبئی میں اہم سیاسی ملاقاتیں جاری ہیں۔ نوازشریف سے ن لیگ امارات کے عہدیداران نے ملاقات کی جس میں پارٹی امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز بھی شریک تھیں۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ عدلیہ کے غلط فیصلوں سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ مریم نواز کو بغیر وجہ کے 7 سال کی سزا سنانا غلط فیصلہ تھا۔

سابق وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ دور میں ججز پر دباؤ ڈال کر بھی غلط فیصلے صادر کرائے گئے۔ ہمیں 150 سے زائد پیشیاں بھگت کر بھی انصاف نہیں ملا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ آنے والا دور مسلم لیگ ن کا ہے۔ مسلم لیگ ن کی قیادت نے ہی ہمیشہ پاکستان کو مشکلات سے نکالا اور اب بھی پاکستانی معیشت کو بھنور سے نکالے گی۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آکر پاکستان سے مہنگائی ختم کردیں گے اور ن لیگ کی آنے والی حکومت مسائل پر جلد قابو پا لے گی۔

مسلم لیگ ن امارات کے وفد نے نواز شریف سے انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کا عزم کیا اور مریم نواز کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔

لیگی عہدیداروں کا کہنا تھاکہ نواز شریف کوپھر سے ملک کی قیادت سنبھالتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ان دنوں دبئی میں موجود ہیں جہاں انہوں نے کئی سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے دوست ممالک کی قیادت سے بھی رابطے کیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی جلد وطن واپسی کیلئے صلح مشورے جاری ہیں۔الیکشن کے حتمی اعلان کےساتھ ہی نوازشریف وطن واپس لوٹیں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان واپسی کی حتمی تاریخوں پر قانونی مشاورت جاری ہے۔
مزیدخبریں