فردوس اعوان کی اسسٹنٹ کمشنر سے بد تمیزی: مریم نواز، چیف سیکرٹری پنجاب اور عثمان ڈار خاتون افسر کی حمایت میں بول پڑے

09:43 AM, 3 May, 2021

نیا دور
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی نے فردوس عاشق اعوان نے گذشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کو خوب ڈانٹا اور تضحیک آمیز رویے سے انکی سرزنش کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔ اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے کئی تبصرے کیے اور زیادہ لوگوں نے اے سی سیالکوٹ سونیا صدف کی حمایت میں آواز اُٹھائی۔ تاہم مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز، وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار اور چیف سیکرٹری پنجاب اسسٹنٹ کمشنر کی حمایت میں بول پڑے ہیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی طرف سے رمضان بازار میں اسسٹنٹ کمشنر پر اظہارِ برہمی کے ‏واقعے پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سرکاری افسران آپ کے ذاتی ملازم ‏نہیں ، رمضان بازاروں ميں غيرمعياری اور مہنگی اشياء حکومتی نالائقی کا ثبوت ہیں ، اپنی ناکامی اور بدترین کارکردگی کاغصہ سرکاری افسران پر ‏نکالنا فرعونیت ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اہنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ رمضان بازارميں خاتون اسسٹنٹ ‏کمشنر سے سلوک قابل مذمت ہے ، سول سرونٹس اور بیوروکریٹس پڑھ لکھ کر اس مقام تک پہنچتے ہیں ، ‏سول سرونٹس اوربیوروکریٹس سلیکٹ ہوکرنہیں آتے ، سرکاری افسران آپ کے ذاتی ملازم بھی نہیں ہیں ، وزیرہونے کا یہ مطلب نہیں کہ آپ کو افسران کی تذلیل کا لائسنس مل گیا یہ رعونت ‏قابل قبول نہیں ، سونیاصدف سے معافی مانگی جائے۔

https://twitter.com/MaryamNSharif/status/1388916062071164932

دوسری جانب چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کا بھی  وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کی جانب سے سیالکوٹ کی اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) سونیا صدف کو ڈانٹنے پر ردعمل سامنے آگیا۔

ایک بیان میں چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کے رمضان بازارمیں انتظامی افسرسے غیرمہذب برتاؤکی مذمت کرتےہیں، اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف اور دیگر انتظامی افسران کورونا وباکے باوجود فرنٹ لائن پر موجود ہیں۔ جواد رفیق ملک کا کہنا ہے کہ کسی بھی سرکاری افسریاعملےسے غیر اخلاقی زبان استعمال کرنا قابل مذمت ہے،پنجاب بھرمیں انتظامی افسران عوام کی سہولت کے لیے فیلڈمیں ہیں جوقابل ستائش ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ کسی کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ سرکاری افسران کی تذلیل کرے، افسوس ناک واقعےسے متعلق تحفظات وزیراعلیٰ پنجاب تک پہنچا دیے ہیں۔


وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی اور تحریک انصاف کے رہنماء عثمان ڈار نے بھی سونیا صدف کی حمایت میں بیان دے دیا ہے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کے ساتھ پیش آئے ناخوشگوار واقعہ پر افسوس ہوا۔ انہوں نے کہا کہ میں سونیا صدف کو ذاتی طور پر جانتا ہوں وہ ایک ذمہ دار اور قابل افسر ہیں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ خواتین کا گورننس سسٹم میں کردار انتہائی خوش آئند ہے، خواتین کے معاشرے میں ایسے کردار کو سراہا جانا چاہئیے۔

https://twitter.com/UdarOfficial/status/1388917606933991426

یاد رہے کہ گذشتہ روز کورونا ایس او پیز کی مبینہ خلاف ورزی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ‏برہم ہو گئیں اور سیالکوٹ میں رمضان بازار کے ناقص انتظامات پر اسسٹنٹ کمشنر کو ڈانٹ پلا دی تھی۔ فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں بازار کا دورہ کیا اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ بھی لیا۔ اس دوران انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کو بازار میں بد انتظامی پر ڈانٹتے ہوئے کہا کہ افسر شاہی کی کارستانیاں حکومت بھگت رہی ہے، آپ اے سی ہیں تو عوام کا سامنا کریں چھپ کیوں رہی ہیں؟ انہوں نے سب کے سامنے خاتون افسر کو ڈانٹتے ہوئے کہا کہ تنخواہ لیتی ہیں تو فرض بھی ادا کیجئیے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سب سے بُرا انتظامی بدحالی کا شکار سیالکوٹ کا رمضان بازار ہے جو اس بات کی عکاس ہے کہ انتظامیہ کو عوام کی فکر نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بازار کی ناقص کارکردگی سے متعلق چیف منسٹر کو اپڈیٹ دوں گی۔ اسسٹنٹ کمشنر معاون خصوصی کے رویے سے نالاں ہو کررمضان بازار سے واپس چلی گئی تھیں۔ فردوس عاشق اعوان کی ڈانٹ کے جواب میں اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدق کا کہنا تھا ہم روزانہ مارکیٹ میں خوار ہوتے ہیں بات آرام سے بھی کی ‏جاسکتی ہے گرمی سے کوئی پھل خراب ہوگیا تو کوئی کیا کرسکتا ہے۔
مزیدخبریں