وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے زخمی ہونے والے سالک حسین کی خیریت دریافت کی۔ چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور سی سی پی او لاہور بھی اس موقع پر موجود تھے۔
محسن نقوی نے سالک حسین اور شافع حسین سے افسوسناک واقعہ کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر معذرت خواہ ہوں۔ ہم عمرہ کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب تھے۔ آج صبح ہی لاہور واپس آیا ہوں۔
وزیر اعلی پنجاب ے مزید کہا کہ اطلاع ملتے ہی فوری تفصیلات حاصل کیں اور انکوائری کا حکم دیا۔ تحقیقات میں ذمہ داران کا تعین ہو گا اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ قانون سب کے لیے برابر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرویزالٰہی کے کارکنوں نے پولیس پر پٹرول بم پھینکے اور پتھراو کیا۔ کسی کو پولیس پر حملے اور قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔
چودھری شجاعت حسین نے رہائش گاہ آمد پر محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ پولیس کی جانب 28 اور 29 اپریل کی درمیانی شب تحریک انصاف کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی گرفتاری کے لئے ظہور الہیٰ پیلس پر سرچ آپریشن کیا۔ گھر میں داخل ہونے کے لیے پولیس کی بکتربند گاڑی نے ظہور الہی پیلس کے مرکزی دروازے کو ٹکر مار کر توڑ دیا۔ پرویزالہٰی کی تلاش میں پولیس اہلکاروں نے چوہدری شجاعت حسین کے گھر کا دروازہ بھی توڑ دیا۔ ٹوٹا ہوا شیشہ لگنے سے چوہدری شافع زخمی بھی ہوئے۔
چوہدری شجاعت کے گھر پر پولیس ایکشن پر مسلم لیگ ق کے چیف آرگنائزر چوہدری سرور کا بیان جاری ہوا جس میں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت چوہدری شجاعت سےغیر مشروط معافی مانگے اور شہبازشریف اور آصف زرداری بھی معذرت کریں۔
چوہدری سرور نے کہا کہ یقینی بنایاجائےکہ آئندہ ایسا کوئی واقعہ رونما نہ ہو، ہم کسی کے ساتھ بھی زیادتی پسند نہیں کرتے۔
دوسری جانب نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے اپنی ٹویٹ میں مدینے سے پیغام جاری کیا ہے کہ کسی کو غیر قانونی کام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پولیس پرویزالٰہی کوگرفتارکرنےگئی، اور چوہدری شجاعت کے گھر دھاوا بولا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پولیس ایکشن میں چوہدری سالک حسین اور شافع حسین زخمی ہو گئے۔ اس ایکشن پر قانون کو اپنا راستہ اختیارکرنا چاہیے۔ میں مدینہ میں ہوں اورتمام تفصیلات حاصل کر رہا ہوں۔