حکومت نے گھی کی فی کلو قیمت میں مزید 38 روپے کا اضافہ کر دیا

12:54 PM, 3 Nov, 2021

نیا دور
حکومت کی جانب سے گھی کی قیمت میں 38 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی اور آئل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا گیا ہے، اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر برانڈڈ گھی کی فی کلو قیمت میں 38 روپے اور تیل کے فی کلو پیکٹ پر 33 روپے کا اضافہ کردیا گیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق برانڈڈ گھی کی فی کلو قیمت میں 38 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد 354 روپے والا فی کلوبرانڈڈ گھی کا پیکٹ 392 روپے میں دستیاب ہوگا، اسی طرح تیل کے فی کلو پیکٹ کی قیمت 33 روپے بڑھا دی گئی ہے، جس کے بعد برانڈڈ آئل کی فی کلوقیمت 355 سے بڑھا کر388 کر دی گئی ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 5 کلو والے برانڈڈ گھی کے ڈبے کی قیمت میں187 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، اور پانچ کلو والے گھی کی قیمت 1795 سے بڑھا کر1982 روپے مقرر کی گئی ہے۔

دوسری جانب چینی کی ایکس مل قیمت میں ایک ماہ کے دوران 25 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا۔ جس کے بعد ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 125 روپے فی کلو ہو گئی۔

یاد رہے کہ حکومت نے صرف 17 روز قبل ہی 15 اکتوبر کو مختلف برانڈز کے گھی کی قیمتوں میں 40 سے 1090 روپے تک کا اضافہ کیا تھا اور یوٹیلیٹی اسٹورز پر ملنے والے ڈالڈا گھی کی فی کلو قیمت میں 109 روپے اور 10 لیٹر کین میں 1090 روپے بڑھائے گئے تھے، جس کے بعد ڈالڈا گھی کا 10 لیٹر کا کین 2500 روپے سے بڑھ کر 3590 روپے کا ہوگیا تھا، اسی طرح میزان گھی کے 10 لیٹر ٹن کی قیمت میں 475 روپے کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد میزان گھی کے 10 لیٹر ٹن کی قیمت 2885 سے بڑھا کر 3360 روپے مقرر کی گئی تھی۔
مزیدخبریں