بیٹی کیساتھ زیادتی کی دھمکی، بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما شدید غصہ میں

02:49 PM, 3 Nov, 2021

نیا دور

بھارتی اداکارہ انوشکا شرما اپنی بیٹی کو ملنے والی زیادتی کی دھمکیوں سے ان دنوں شدید غصے میں اور ان کا دل ٹوٹا ہوا ہے۔ وہ ایک مضبوط خاتون ہیں لیکن سوشل میڈیا صارفین کی اس گھٹیا حرکت نے انھیں توڑ کر رکھ دیا ہے۔


انوشکا شرما کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ اداکارہ کا ان غلیظ بیانات پر وہی ردعمل تھا جو ایک ماں کا ہونا چاہیے۔ وہ ان غصے میں ہیں لیکن اس موضوع پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہ رہیں۔


خیال رہے کہ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما کی بیٹی کو بعض سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے قتل اور ریپ کرنے کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔


 


دہلی کمیشن برائے خواتین (DCW) کی جانب سے اس سلسلے میں پولیس کو ایک درخواست جمع کرائی گئی ہے جس میں ایسے عناصر کیخلاف فوری کارروائی کرنے کا کہا گیا ہے۔


خیال رہے کہ پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد ہندوستانی کرکٹر محمد شامی کو غدار جیسے القابات سے نوازا جا رہا تھا۔ اس موقع پر ویرات کوہلی نے آگے بڑھ کر ان کا بھرپور ساتھ دیا اور سوشل میڈیا صارفین سے کہا تھا کہ وہ اتنے گھٹیا پن پر نہ اتریں، محمد شامی کی ملک کیلئے دی گئی خدمات کو ذہن میں رکھیں۔


ویرات کوہلی، محمد شامی کی حمایت میں سامنے آئے تو سوشل میڈیا صارفین نے ان کی 9 ماہ کی بیٹی کو نشانے پر لے لیا اور اسے جان سے مارنے اور جنسی زیادتی کا نشانہ تک بنانے کی دھمکیاں دیدی تھیں۔


انوشکا کے قریبی ذرائع نے کہا ہے کہ ان کا دل ٹوٹا ہوا ہے اور 'وہ کسی بھی ماں کی طرح غصہ محسوس کر رہی ہیں۔ وہ ویسے ایک بہت مضبوط عورت ہے جو ایسے لوگوں کی باتوں سے متاثر نہیں ہوتی۔ لیکن اس بار، ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔

مزیدخبریں