قاتلانہ حملہ: عمران خان نے شہباز شریف، رانا ثنا، میجر جنرل فیصل پر الزام عائد کر دیا

03:34 PM, 3 Nov, 2022

نیا دور
پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے آج گوجرانوالہ میں خود پر ہونے والے حملے کا ذمہ دار وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور میجر جنرل فیصل کو قرار دیا ہے۔

ایک ویڈیو بیان میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے انہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائِے داخلہ اسلم اقبال کو بلا کر ان کی طرف سے یہ بیان جاری کرنے کو کہا ہے۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا؛ 'تین لوگوں کے بارے میں میرا یقین ہے جنہوں نے یہ سب کچھ کرایا؛ وہ شہباز شریف، رانا ثناء اللہ اور میجر جنرل فیصل ہیں'۔ اسد عمر کے مطابق عمران خان نے بتایا کہ 'ان کے پاس پہلے سے بھی کچھ معلومات آ رہی تھیں جن کی بنیاد پر وہ یہ کہہ رہے ہیں کہ یہ جو قاتلانہ حملہ کرایا گیا ہے یہ انہی لوگوں نے کروایا ہے'۔

اسد عمر نے مزید بتایا کہ عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ ان تنیوں افراد کو ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے, اگر انہیں نہیں ہٹایا گیا تو ملک گیر احتجاج ہو گا۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ ملک ایسے ہی عمومی حالات کے ساتھ چلتا رہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ اگر عمران حان کا مطالبہ پورا نہیں کیا جاتا تو جس دن، جس وقت عمران خان کال دیں گے ملک بھر میں کارکن سڑکوں پر نکل کر احتجاج شروع کریں گے۔

اس ویڈیو بیان میں میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ وہ شہباز شریف، رانا ثناء اللہ اور میجر جنرل فیصل کے خلاف عمران خان پر حملے کا مقدمہ درج کروا رہے ہیں اور اس سلسلے میں عمران خان کا بیان بھی لے لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنائیں گے۔
مزیدخبریں