ملک میں عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے

الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات کے لیے 11 فروری 2024 کو انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کی تجویز پیش کی تھی تاہم صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف الیکشن کمشنر نےمتفقہ طور پر الیکشن مورخہ 8 فروری بروز جمعرات منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ۔

11:44 AM, 3 Nov, 2023

نیا دور

سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد صدر مملکت اور الیکشن کمیشن کے درمیان   8 فروری 2024 کو عام انتخابات کی تاریخ پر اتفاق ہوگیا۔

ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کےدرمیان ہونے والی ملاقات میں ملک میں آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کیلئے تاریخ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ بندیوں اور انتخابات کے حوالے سے کی گئی پیش رفت کو سنا اور تفصیلی بحث کے بعد اجلاس نے متفقہ طور پر ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق کیا۔ ملک میں عام انتخابات کا انعقاد 8 فروری کو ہو گا۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سرابرہی میں ممبران صدر پاکستان سے ایوان صدر میں میں الیکشن کی تاریخ کے سلسلے میں ملاقات کی۔

اعلامیے کے مطابق متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن مورخہ 8 فروری بروز جمعرات منعقد ہوں گے۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کو تحریری طور پر11 فروری کو عام انتخابات کی تاریخ تجویز کی اور چیف الیکشن کمیشن کی جانب سے صدر مملکت کو خط ارسال کر دیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجہ کی جانب سے صدر مملکت کو لکھے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ میں آپ کی توجہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے 2 نومبر 2023 کے اس حکم کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں جو عدالت کی جانب سے آئینی درخواستوں نمبر 32 اور 36 اور 2023 کی وزیراعلیٰ کی اپیل نمبر 118 اور 119 کی منظوری کے بعد جاری کیا گیا تھا۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اور صدر پاکستان سے ملاقات کے بعد پاکستان میں عام انتخابات کے انعقاد کی تاریخ کا تعین کیا جائے۔

 اس سلسلے میں اٹارنی جنرل آف پاکستان میٹنگ کا اہتمام کریں گے اور صدر مملکت کو 23 اکتوبر 2023 کے عدالت کے حکم اور جمعرات کو سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف سے جاری کر دہ حکم سے آگاہ کریں گے اور اس سلسلے میں معاونت فراہم کریں گے۔

ہم توقع کرتے ہیں کہ عام انتخابات کے انعقاد کے لیے ایک تاریخ مقرر کرنے کا معاملہ طے ہوجائے گا اور سپریم کورٹ آف پاکستان کو جمعہ 3 نومبر 2023 کو مطلع کیا جائے گا۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے سبجیکٹ آرڈر میں دی گئی ہدایات پر عمل کرنے کے لیے کمیشن نے غور و خوض کے بعد قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات کے لیے 11 فروری 2024 کو انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

مزیدخبریں