’’نوازشریف کے اردگرد تین، چار بندے نہ ہوتے تو وہ چوتھی بار وزیراعظم بن جاتے‘‘

12:59 PM, 3 Oct, 2019

نیا دور
وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ ہمیں تسلی ہے کہ ہم درست سمت میں جا رہے ہیں، نیب میں قید سیاسی رہنما پیسے دے کر جا سکتے ہیں، نوازشریف کو ان کے اردگرد بیٹھے تین چار لوگوں نے پھنسایا، اگر ایسا نہ ہوتا تو نواز شریف چوتھی بار بھی وزیراعظم بن جاتے۔

تفصیلات کے مطابق 92 نیوز کے پروگرام ’’ہو کیا رہا ہے؟‘‘ میں سینئر صحافی عارف نظامی کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمارے ملک کو اندرونی و بیرونی خطرات لاحق ہیں، اس حکومت کیلئے کوئی ایک چیلنج نہیں ہے لیکن ہم ان پر قابو پا لیں گے۔ موجودہ حالات اس حکومت کے نہیں بلکہ سابقہ کے پیدا کردہ ہیں۔

ملکی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اس وقت سرمایہ کاری سیکٹر میں اعتماد کی کمی ہے، اگر نیب ہمارے ماتحت ہو تو کیا عمران خان چاہیں گے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری نہ ہو، سرمایہ کاروں اور بزنس مین کو اعتماد میں لانے کیلئے آرمی چیف نے قدم اٹھایا ہے اور اب وزیراعظم بھی ان سے مل رہے ہیں، جس کا مقصد ملک میں کاروبار کو چلانا ہے۔

فضل الرحمان کے لانگ مارچ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان اگر کہتے ہیں کہ یہ الیکشن ٹھیک نہیں ہوئے تو ان کو حلف نہیں لینا چاہئے تھا۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ فضل الرحمان کے دھرنے میں کوئی بندہ نہیں آئے گا، ن لیگ بھی جانتی ہے کہ حالات ٹھیک نہیں، اس لئے وہ فضل الرحمان کے ساتھ نہیں جا رہے، 90 فیصد تو فضل الرحمان کا دھرنا نہیں ہو گا۔ اگر انہوں نے احتجاج کرنا ہے تو بڑے شوق سے کریں، ہم انہیں کنٹینر بھی دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر فضل الرحمان نے دھرنا کیا تو بہت بڑا سیاسی بلنڈر ہو گا۔ انہیں اپوزیشن اور عوام کی کوئی سپورٹ نہیں ہوگی، میرے خیال میں کچھ نہیں ہوگا، پیپلزپارٹی بھی فضل الرحمان کے ساتھ دھرنے میں نہیں جا رہی ہے۔

اعجاز شاہ نے این آر او کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو پکڑے گئے ہیں، ان کے لئے قانونی راستہ پلی بارگین ہے، اس کو نیب کر سکتی ہے، حکومت نہیں کر سکتی، 2000 میں جب نواز شریف باہر گئے تو اس وقت ڈیل کر کے گئے حالانکہ انہیں اس وقت قانون کے مطابق سزا ہوئی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کے ارد گرد اگر تین چار بندے نہ ہوتے تو وہ چوتھی بار بھی وزیراعظم بن جاتے، یہ وہ لوگ ہیں جو شریف خاندان کے کسی بھی فرد کو باہر نہیں رہنے دیں گے، اگر نوازشریف چودھری نثار کی بھی بات مان جاتے تو مسئلہ ٹھیک ہو جاتا۔ اب بھی نواز شریف کے گرد وہی لوگ ہیں، میں کسی کا نام نہیں لوں گا۔

مزیدخبریں