نواز شریف کو گرفتار کر کے پاکستان نہیں بھیج سکتے: برطانوی حکومت کا صاف انکار

12:07 PM, 3 Oct, 2020

نیا دور
پاکستانی ہائی کمیشن برطانیہ نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری حاصل کرنے میں مکمل ناکام ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہتی۔

برطانہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ کمیشن کے ممبران  پانچ کوششوں کے باوجود نواز شریف یا انکے خاندان کے کسی فرد سے نا مل سکے اور نا ہی کاغذات پر دستخط کروا سکے۔ پاکستانی سفارت کاروں نے برطانوی حکومت ،دفتر خارجہ اور دولت مشترکہ کے توسط سے گرفتاری عمل میں لانے کی کوشش کی ہے تاہم برطانوی حکومت نے صاف انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ پاکستان کے داخلی سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کریگا۔

ذرائع کے مطابق برطانوی حکومت نے پاکستانی حکام کو آگاہ کیا ہے کہ پاکستانی شہری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنا انکے دائرہ اختیار میں نہیں علاوہ ازیں پاکستانی ہائی کمیشن کے اختیارات بھی محدود ہیں۔ یہ گرفتاری صرف ایک صورت ممکن ہے کہ خود نواز شریف اپنے وارنٹ پر رضا کارانہ دستخط کریں اور نا ہی دستخط کرنے کیلئے انکے ساتھ زور زبردستی کی جاسکتی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کو گزشتہ ہفتے بتایا گیا تھا کہ سابق وزیر اعظم نے برطانیہ میں اپنی رہائش گاہ پر اپنے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری موصول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ رواں ماہ کے شروع میں انہیں مجرم قرار دیا تھا اور پارک لین کے ایڈریس پر وارنٹ بھی بھیجے تھے۔ وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ سابق وزیر اعظم کی واپسی کیلئے برطانوی حکومت کو ایک ایک اور خط لکھے گی۔
مزیدخبریں