مفتاح اسماعیل کا عمران خان کو ملک ریاض کا طعنہ، چینلز نے پریس کانفرنس کی کوریج بند کردی

01:44 PM, 3 Sep, 2022

نیا دور
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس کے دوران عمران خان کو ملک ریاض کا طعنہ دیا تو 3 بڑے چینلز نے ان کی پریس کانفرنس کی کوریج روک دی۔

تفصیلات کے مطابق آج وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل پریس کانفرنس کر رہے تھے، دوران پریس کانفرنس انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کو مخاطب ہو کر کہا کہ آپ کی آئے روز ریکارڈنگ چل رہی ہوتی ہیں، کبھی جیولری چوری کی، کبھی توشہ خانہ کی گھڑیاں اور کبھی زمین کسی کو بیچ دی، کسی کو 190 ملین پاؤنڈ واپس کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب میڈیا میں آ کر بتائیں کہ انہوں نے ملک ریاض کو 190 ملین پاؤنڈ کیوں واپس کئے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان صاحب آپ بڑی حقیق آزادی کی بات کرتے ہیں ملک ریاض سے تو آپ آزاد ہوئے نہیں۔

جیسے ہی مفتاح اسماعیل نے ملک ریاض کا نام لیا تو پاکستان کے تین بڑے چینلز جن میں جیو نیوز، اے آر وائی اور سماء ٹی وی نے لائیو نشر کی جانے والی پریس کانفرنس کی کوریج اسی وقت روک کر فوراً بریک لے لی۔

معروف صحافی مطیع اللہ جان نے میڈیا چینلز کے اس رویے کا انکشاف کرتے ہوئے لکھا کہ " مفتاح اسماعیل نے عمران خان کو طعنہ مارتے ہوئے کہا “حقیقی آزادی” ملک ریاض سے تو لے نہیں سکتے اور باتیں کرتے ہیں، عین اسی لمحے تمام بڑے ٹی وی چینلوں نے جو کیا وہ میڈیا کی “حقیقی آزادی” کا بھی پول کھول گیا۔ دیکھئے تین بڑے چینلوں نے کیا حرکت کی۔"

https://twitter.com/Matiullahjan919/status/1566049342338867200

خیال رہے کہ ملک ریاض پاکستان کی بہت امیر اور اہم شخصیت ہیں جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کے تعلقات سیاستدانوں، اسٹیبلشمنٹ اور میڈیا تک پھیلے ہوئے ہیں اسی لیے کوئی بھی ان کے خلاف بات کرنے کی جرات نہیں کرتا۔
مزیدخبریں