نیا دور ٹی وی کے پروگرام اسلام آباد بز (Islamabad Buzz) میں ہفتے کی شام اظہار خیال کرتے ہوئے عمار مسعود کا مزید کہنا تھا کہ سیاست خود کوئی بری چیز نہیں ہے۔ سیاسی جماعتوں کو سیاست کرنی چاہیے۔ انہیں فعال ہونا چاہئیے۔ مگر عمران خان صاحب جو کچھ کر رہے ہیں وہ سیاست نہیں ہے۔ یہ سیاسی مہم نہیں بلکہ انتشاری مہم ہے۔ یہ انتشار افراد تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ عمران خان فوج، عدلیہ سمیت تمام اداروں پر بھی کیچڑ اچھالتے ہیں۔
اس وقت جب آدھے سے زیادہ ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے تو خان صاحب ملک میں جلسے کر رہے ہیں۔ سیلاب کے موقع پر جلسے کرنا ایک انتہائی سفاک عمل ہے۔ اس سے آپ لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے مطابق عمران خان کی میراتھن ٹرانسمیشن میں 5 ارب روپے اکٹھے ہوئے ہیں۔ اچھی بات ہے۔ مگر کیا اس وقت جلسوں پر جو پیسے خرچ ہو رہے ہیں وہ بھی بچا کے سیلاب متاثرین تک نہیں پہنچانے چاہئیں تھے؟ جو ساڑھے 3 کروڑ لوگ اس وقت مصیبت میں مبتلا ہیں ان کا مسئلہ روٹی اور چھت ہے۔ وہ جلدی انتخابات کی بات نہیں سننا چاہتے۔
عمار مسعود کا کہنا تھا کہ خان صاحب کی سیاست کا بنیادی ہتھیار جھوٹ ہے۔ عمران خان کو اپنی ذات کے سوا کچھ نظر نہیں آتا۔ اتنے مشکل وقت میں جلسوں پر رقمیں خرچ ہو رہی ہیں۔ ملک میں جس طرح کے بھی حالات ہوں، خان صاحب کا طرز سیاست نہیں بدل سکتا۔ تحریک انصاف بہت بڑا پروپیگنڈا یونٹ بنا ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پرویزالہی سرکاری ہیلی کاپٹر کو ٹیکسی کی طرح استعمال کر رہے ہیں۔ ان پر نیب کا کیس بننے جا رہا ہے۔
مختصر دورانیے کے اس پروگرام کے میزبان وقاص علی ہیں اور یہ پروگرام ہر جمعرات، جمعہ اور ہفتہ کو شام ساڑھے سات بجے نیا دور ٹی وی پہ پیش کیا جاتا ہے۔