بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے پورے نظام پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اسمبلی ہماری بات نہیں سنتی تو اس میں بیٹھنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اختر مینگل کا کہنا تھا کہ میں اپنے لوگوں کے لیے کچھ نہیں کر سکا، بلوچستان کے حالات دیکھ کر فیصلہ کرکے آیا تھا، میں ریاست، صدر اور وزیر اعظم پر عدم اعتماد کا اعلان کرتا ہوں، پورے نظام پر عدم اعتماد کر رہا ہوں۔
اختر مینگل کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے معاملے پر لوگوں کی دلچسپی نہیں، میں اپنے لوگوں کے لیے کچھ نہیں کر سکا، جب بھی اس مسئلے پر بات کرو تو بلیک آؤٹ کر دیا جاتا ہے، ملک میں صرف نام کی حکومت رہ گئی ہے، 65 ہزار ووٹرز مجھ سے ناراض ہوں گے لیکن میں ان سے معافی مانگتا ہوں۔
بی این پی کے سربراہ نے اپنا استعفیٰ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دیا ہے۔
یاد رہے کہ اختر مینگل این اے 256 خضدار سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔