سینئر صحافی مرتضیٰ علی شاہ نے اپنے ٹویٹر پر مجرم کے اقبالی بیان کی ویڈیو شیئر کر دی۔ اپنے اقبالی بیان میں مجرم کا کہنا تھا کہ اس کا نام اقبال علی ولد فرمان علی ہے۔ میں ایبٹ آباد کا رہائشی ہوں۔ میرا آرمی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ سمگلنگ کے کام میں ملوث ہوں اور اس کے لیے میں نے آرمی کا یونیفارم استعمال کیا جس کی وجہ سے آرمی کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔
مجرم نے مزید کہا کہ میرے اس فعل سےقوم بھی ناراض ہوئی۔ میں قوم سے معافی چاہتا ہوں اور میری وجہ سے آرمی کی ساکھ کو نقصان پہنچا اس لیے ان سے بھی معافی چاہتا ہوں۔ میں دوبارہ کبھی ایسا کام نہیں کروں گا۔
واضح رہے کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب میں خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں پولیس نے فوج کے ایک جعلی میجر کی گاڑی سے 60 کلوگرام چرس برآمد کی۔
محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاع پر مردان میں ناکہ بندی پر ایک مشکوک گاڑی روکی جس میں موجود ایک باوردی شخص نے خود کو میجر ظاہر کیا تاہم جب ایکسائز پولیس کی جانب سے گاڑی کی تلاشی کا کہا گیا تو اس شخص نے فوراً گاڑی بھگا دی۔
محکمہ ایکسائز کے اہلکاروں کی جانب سے کافی دور تک تعاقب کرنے کے بعد گاڑی کو رسالپور پھاٹک کے پاس روک کر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
محکمہ ایکسائز کے ترجمان کے مطابق گاڑی کی تلاشی کے دوران 60 کلوگرام چرس برآمد کی گئی جس کو پنجاب سمگل کیا جا رہا تھا۔
ملزم ایبٹ آباد کا رہائشی ہے جس نے میجر کی جعلی وردی پہنی ہوئی تھی اور گاڑی پر بھی جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگائی ہوئی تھی۔