سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس سے متعلق درخواستیں نمٹا دیں

سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ٹرائل کورٹ ہائیکورٹ کے حتمی فیصلے تک توشہ خانہ کیس کا فیصلہ نہیں کر سکتی۔

01:23 PM, 4 Aug, 2023

نیا دور

سپریم کورٹ نے   توشہ خانہ فوجداری کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے درخواستیں واپس لینے کی بنیاد پر   نمٹادیں۔

جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ ٹرائل روکنے کی درخواست پر سماعت کی۔

سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ٹرائل کورٹ ہائیکورٹ کے حتمی فیصلے تک توشہ خانہ کیس کا فیصلہ نہیں کر سکتی۔

دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے متعدد درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج متوقع ہے۔

بینچ کے سربراہ جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ اس عدالت سے کیا چاہتے ہیں جس پر خواجہ حارث نے کہا کہ فی الحال ہم اس عدالت سے فیصلہ نہیں چاہتے. اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے پر ہمیں اس کیس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ درکار نہیں ہے۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے بھی کہا کہ ضابطہ فوجداری کی شق 526 کی ذیلی شق 8 کے تحت جب تک مقدمہ منتقلی کی درخواست پر فیصلہ نہ ہوجائے اس وقت تک ٹرائل کورٹ حتمی فیصلہ نہیں کرسکتی۔

سپریم کورٹ نے دونوں فریقین سے پوچھا کہ کیا اس کیس کو نمٹا دیا جائے جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث نے آمادگی کا اظہار کیا۔

الیکشن کمیشن کے وکیل کی جانب سے کیس کو خارج کرنے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے منظور نہیں کیا جبکہ خواجہ حارث نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں آج جو بیان ریکارڈ ہونے ہیں انہیں بھی روک دیا جائے جس پر عدالت نے کہا وہ فی الحال اس کیس میں کوئی حکمنامہ جاری نہیں کرنا چاہتے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی کا کہنا تھا جب اپنے وقت پر اپیلیں اس کیس میں آئیں گی تو اس وقت اس معاملے کو دیکھا جائے گا۔ سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس سے متعلق اپیلوں کو  واپس لینے کی بنیاد پر نمٹادیا۔

قبل ازیں سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس کے حوالے سے نئی کاز لسٹ جاری کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ بینچ میں جسٹس مظاہر علی نقوی کی جگہ جسٹس حسن اظہر رضوی کو شامل کر لیا گیا ہے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بینچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ بھی چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے حکم امتناع اور حق دفاع کی بحالی سمیت 8 درخواستوں پر محفوظ فیصلہ آج سنائے گی۔

اس کے علاوہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں توشہ خانہ فوجداری کیس میں الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز کے دلائل مکمل ہوگئے۔عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء کو ساڑھے 11 بجے دلائل شروع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

مزیدخبریں