جسے مناسب سمجھیں نگران وزیراعظم نامزد کردیں، اتحادی جماعتوں کا وزیراعظم شہباز شریف پر اعتماد کا اظہار

ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم اوراتحادی نے وزیراعظم شہبازشریف کو نگران وزیر اعظم کا نام فائنل کرنے کا اختیار دے دیا ہے ۔ اتحادیوں کی جانب سے وزیراعظم کو اپوزیشن لیڈر کے ساتھ نگران وزیراعظم کے نام پر مشاورت کی منظوری دے دی گئی۔

02:42 PM, 4 Aug, 2023

نیا دور

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم )اور اتحادی جماعتوں کے سربراہوں نے شہبازشریف کو نگران وزیراعظم کا نام فائنل کرنے کااختیار دیدیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پی ڈی ایم اوراتحادی جماعتوں کے سربراہوں کا اجلاس ختم ہوگیا جس میں نگران وزیراعظم اور نگران سیٹ اپ کے حوالے سے تبادلہ خیال  کیا گیا۔

پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کا سربراہی اجلاس ویڈیو لنک پر ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو اور اختر مینگل شریک ہوئے۔ آفتاب شیرپاؤ، میر کبیر، محسن داوڑ اور احمد نواز جدون  نے بھی اجلاس میں شرکت کی،اجلاس میں احسن اقبال سمیت وفاقی وزرا بھی شریک  ہوئے۔

ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم اوراتحادی نے وزیراعظم شہبازشریف کو نگران وزیر اعظم کا نام فائنل کرنے کا اختیار دے دیا ہے ۔ اتحادیوں نے کہاکہ وزیراعظم جسے مناسب سمجھیں نگران وزیراعظم نامزد کردیں۔وزیراعظم کو اپوزیشن لیڈر کے ساتھ نگران وزیراعظم کے نام پر مشاورت کی منظوری دے دی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ نگران سیٹ اپ پر مشاورت دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ نگران وزیراعظم کے لیے 4 نام زیر غور ہیں جن میں سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، اسلم بھوتانی اور  نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے نام شامل ہیں۔ تاہم اس حوالے سے کوئی پیشرفت سامنے نہیں آئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے 9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ دی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا اتحادی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا قومی اسمبلی توڑنےکی سمری 9 اگست کو صدر کو بھیج دیں گے۔نگران وزیر اعظم کے نام کے لیے کل سے مشاورت ہو گی اور آئندہ 2 سے 3 روز میں مشاورت مکمل کر لیں گے۔

مزیدخبریں