"وزیراعظم کو پتا ہے کہ آرمی چیف کی ایکسٹینشن کیخلاف درخواست کس کے کہنے پر دی گئی"

11:51 AM, 4 Dec, 2019

نیا دور
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم کے پاس انٹیلیجنس ہے کہ آرمی چیف کی ایکسٹینشن کے خلاف درخواست کس کے ایما پر دی گئی۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام "بڑی بات" میں اینکر عادل شاہ زیب کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے انکشاف کیا کہ وزیراعظم کے پاس انٹیلیجنس ہے کہ آرمی چیف کی ایکسٹینشن کے خلاف درخواست کس کے ایما پر دی گئی۔ اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ ان تانوں بانوں کو مائنس نہیں کر سکتے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے اس انکشاف پر اینکر نے سوال کیا کہ یہ سیاسی لوگ ہیں یا کوئی اور ہیں جن کی ایما پر آرمی چیف کی ایکسٹینشن کے خلاف درخواست دی گئی تھی؟

جواب دیتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ سارا ایک مافیا ہے اور وہ مافیا پاکستان کے ہر شعبے کے ساتھ انٹرلنک ہے۔ اس مافیا کا ایک اپنا انٹرسٹ ہے اور وہ انٹرسٹ ملک کے انٹرسٹ کے ساتھ نہیں جڑا ہوا۔ ان کا انٹرسٹ اپنی ذات کے ساتھ جڑا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان لوگوں نے ہمیشہ اپنی ناجائز دولت کو طاقت کے حصول کے لئے استعمال کیا اور قانون کو اپنے گھر کی لونڈی بنایا۔

اینکر  کے سوال پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید واضح کیا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے خلاف دائر ہونے والی درخواست میں اپوزیشن رہنماؤں کے تانے بانے مائنس نہیں کیے جا سکتے ہیں۔

مزیدخبریں