9 مئی واقعات : لاہور ہائیکورٹ نے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل کی گرفتار اہلیہ کیخلاف مقدمات کی رپورٹ طلب کر لی

درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حیدر جمیل کی اہلیہ کی مزید مقدمات میں نامزدگی اور گرفتاری کو روکا جائے اور روبینہ جمیل کیخلاف مقدمات کی تفصیلات بھی عدالت میں طلب کی جائیں۔

05:45 PM, 4 Dec, 2023

منیر باجوہ

لاہور ہائیکورٹ نے 9 مئی واقعات میں ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل کی گرفتار  اہلیہ اور پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی)  کی سابق ایم این اے روبینہ جمیل کیخلاف مقدمات کی تفصیلات 13 دسمبر کو طلب کر لیں۔

جسٹس محمد وحید خان نے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی)  کی سابق ایم این اے روبینہ جمیل کے خاوند لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حیدر جمیل کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل فیصل باجوہ ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ روبینہ جمیل کو 9 مئی واقعات کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے اور پہلے آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا تھا کہ درخواست گزار کی اہلیہ کیخلاف ایک مقدمہ ہے اور اس کے بعد اس خاتون کو مزید 3 مقدمات میں گرفتار کر لیا گیا۔ 

وکیل نے نشاندہی کی کہ پولیس نے عدالت سے حقائق چھپا کر رپورٹ عدالت میں پیش کی تھی۔ اب روبینہ جمیل کی جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت 4  مقدمات میں ضمانت منظور ہو چکی ہے ۔لیکن ابھی بھی خدشہ ہے کہ پولیس مزید مقدمات میں نامزد کر دے گی۔ 

درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حیدر جمیل کی اہلیہ کی مزید مقدمات میں نامزدگی اور گرفتاری کو روکا جائے اور روبینہ جمیل کیخلاف مقدمات کی تفصیلات بھی عدالت میں طلب کی جائیں۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 13 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کو درخواست گزار کی اہلیہ کیخلاف درج مقدمات کی تازہ ترین رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

مزیدخبریں