پشاور بی آر ٹی منصوبہ کب مکمل ہوگا؟ کے پی کے حکومت نے ایک اور تاریخ دیدی

04:02 PM, 4 Feb, 2020

نیا دور

خیبر پختونخوا (کے پی کے) حکومت نے بس ریپڈ ٹرانزٹ ( بی آر ٹی)  منصوبے کی تکمیل کی ایک اور تاریخ دے دی۔


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما اور کے پی کے کے صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے جیو نیوز کے  پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی آرٹی منصوبے کی تکمیل میں ابھی بھی کافی مشکلات ہیں،منصوبہ اپریل میں مکمل ہوجائے گا۔


اس سے قبل صوبائی وزیر نے پشاور بی آر ٹی منصوبہ مارچ میں مکمل ہونے کا بتایا تھا۔


شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ ہم نے سپریم کورٹ میں بتایا ہے کہ بی آر ٹی پر کام جاری ہے اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے 2021 تک کا معاہدہ ہے اور  اگر کوئی انکوائری شروع ہوئی تو کام رک جائے گا۔


ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایک مرتبہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچ جائے پھر اس کے بعد جو ادارہ چاہے اس پر تحقیقات کرلے۔


خیال رہے کہ 5 دسمبر 2019 کو پشاور ہائیکورٹ نے اپنے تفصیلی فیصلے میں  وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو 45 روز کے اندر پشاور بی آر ٹی انکوائری مکمل کرنے کا حکم دیا تھا۔


خیبرپختونخوا حکومت نے ہائیکورٹ کے حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس کے بعد گزشتہ روز عدالت عظمیٰ نے ایف آئی اے کو تحقیقات سے روک دیا ہے۔
مزیدخبریں