اٹارنی جنرل نے ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو ٹیپ پر انکوائری کمیشن بنانے کی مخالفت کردی

08:14 AM, 4 Feb, 2022

نیا دور
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو کی تحقیقات کیلئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جبکہ اٹارنی جنرل نے انکوائری کمیشن بنانے کی مخالفت کردی۔

ہائی کورٹ میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے آڈیو کلپ کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن قائم کرنے کے لئے سندھ ہائی کورٹ بار کے سابق صدر صلاح الدین احمد کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے دلائل دیے کہ کہا یہ جا رہا ہے کہ ایک صاحب کی آڈیو پر ساری عدلیہ کمپرومائزڈ ہے، اس درخواست گزار میں اور رانا شمیم میں فرق کیا رہ گیا ہے؟ پیغام یہ دیا جا رہا ہے کہ جج کو جدہ بھی بلائیں گے لاہور بھی اور مرنے کے بعد بھی نہیں چھوڑیں گے، چیف جسٹس پر حملہ کرایا جاتا ہے اس وقت انکوائری کی ضرورت نہیں پڑتی ، بریف کیس میں نوٹ بھیجے جاتے ہیں انکوائری کا نہیں کہا جاتا، وزیراعظم کو پھانسی لگانے پر نہیں کہا جاتا عدلیہ کمپرومائزڈ ہے، سارا معاملہ آکر عدلیہ کمپرومائزڈ ہونے کا اس کیس سے شروع ہوتا ہے، آڈیو اسکینڈل میں تحقیقات کی صورت میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں رانا شمیم اور نواز شریف کیس پر اثر پڑے گا۔

اٹارنی جنرل نے ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو ٹیپ پر کمیشن بنانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ درخواستیں خارج کی جائیں کیونکہ زیر التوا کیس کو متاثر کر سکتی ہیں، ‏کسی آڈیو کی تحقیقات کرانے کا اختیار حکومت کا ہے جسے استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، عدالت کو اس معاملے میں نہیں پڑنا چاہیے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ یہ تو آپ خطرناک بات کر رہے ہیں۔

اٹارنی جنرل بیرسٹر خالد جاوید نے کہا کہ ایک طرف موقف ہے آڈیو اصلی. دوسرا موقف ہے آڈیو گھڑی گئی، اس معاملے پر کیا عدالت اپنا وزن کسی ایک پلڑے میں ڈال سکتی ہے؟ میرا موقف ہے عدالت اپنا وزن کسی ایک پلڑے میں نہیں ڈال سکتی، کمیشن بھی بنا لیں تو کیا گارنٹی دی جا سکتی ہے کہ زیر التوا اپیل متاثر نہیں ہو گی، اس بنیاد پر بھی یہ پٹیشن خارج ہونی چاہیے کہ درخواست گزار کا کہنا ہے اوریجنل آڈیو میرے پاس نہیں، دو فرانزک مارکیٹ میں ہیں احمد نورانی کہتا ہے میں نے فرانزک کرایا ایک چینل نے بھی فرانزک کرایا، چینل نے یہ بھی دیکھایا کہ آڈیو ٹیپ کو کہاں کہاں سے جوڑا گیا، ایک اور آڈیو بھی آئی جس میں وزیراعظم ہاؤس سے صحافیوں کے حوالے سے کیا کیا زبان استعمال ہوئی۔

درخواست گزار وکیل صلاح الدین نے کہا کہ ‏مولوی تمیز الدین، بھٹو کے عدالتی قتل، بریف کیسوں کے ذریعے چیف جسٹس کی فراغت، دوسرے جیسے واقعات کی انکوائری تاریخ میں ہوئی ہوتی تو آج ہمیں یہ دن نہ دیکھنے پڑتے، اگر ہم ہر چیز کو تاریخ کے فیصلے پر چھوڑیں گے تو تاریخ خود کو دوہراتی رہے گی، ‏آڈیو ٹیپ معاملے میں خود کو متاثرہ فریق سمجھتا ہوں ، نواز شریف ہو یا اللہ رکھا ہو ، میرا مسئلہ میرے چیف جسٹس کا کردار ہے۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ میں صلاح الدین ایڈوکیٹ اور بار کو ایک پیشکش کرتا ہوں، یہ کہتے ہیں اللہ رکھا کے کیس پر بھی یہ اتنے ہی رنجیدہ ہوتے، چلیں پھر پہلے سجاد علی شاہ کو ہٹانے کی انکوائری کراتے ہیں، یہ معاملہ تو یوں بھی کہیں زیر التوا نہیں ہے۔

صلاح الدین نے کہا کہ اٹارنی جنرل اب بالکل ہی گڑے مردے اکھاڑنے کی بات کر رہے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ اگر حکومت کے لیے یہ رستہ کھولیں گے تو پھر وہ زیر التوا کیسز میں مداخلت شروع ہو جائے گی، یہ کام بار کا ہے اس کو ہی یہ کام کرنا چاہیے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو تحقیقات کیلئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
مزیدخبریں