گرفتاری کے وقت فواد چوہدری نشے کی حالت میں تھے، میڈیکل رپورٹ میں انکشاف

12:09 PM, 4 Feb, 2023

نیا دور
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) رہنما فواد چوہدری کی میڈیکل رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتاری کے وقت وہ نشے کی حالت میں تھے۔

پولیس نے فواد چوہدری کی میڈیکل رپورٹ حاصل کر لی۔ جس کے مطابق جس رات فواد چوہدری کو گرفتار کیا گیا وہ نشے کی حالت میں تھے۔

فواد چوہدری  کے میڈیکل ٹیسٹ کی رپورٹ  پنجاب فرانزک ایجنسی نے جاری کی۔

میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد پولیس نے مزید کارروائی کرتے ہوئے فواد چوہدری کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔



یاد رہے کہ گرفتاری کے بعد لاہور کے سروسز اسپتال میں میڈیکل بورڈ نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا طبی معائنہ کیا تھا۔ سروسز ہسپتال کے ذرائع نے بتایا تھا کہ فواد چوہدری کی ای سی جی، بلڈ پریشر اور شوگر نارمل ہے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق فواد چوہدری کے بیس لائن ٹیسٹ مکمل کر لیے گئے ہیں۔ سی بی سی ٹیسٹ کے لیے ان کے خون کے نمونے لیے گئے۔ فواد چوہدری کی ای سی جی بھی کی گئی تھی، جو ٹھیک آئی۔ سی بی سی، آر ایف ٹی، ایل ایف ٹی کیا گیا۔گردوں کے ٹیسٹ بھی کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق فواد چوہدری کے اور بھی ٹیسٹ کیے گئے تاہم ٹیسٹوں کی رپورٹ آنے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ یکم فروری کو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے الزام میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

اگلے روز، اسلام آباد کی مقامی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج فیضان گیلانی نے فواد چوہدری کی جانب سے دائر درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری پر سماعت کی۔ الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے الزام میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
مزیدخبریں