’لیڈی ڈیانا ایوارڈ‘ حاصل کرنے والی پاکستانی لڑکی

12:25 PM, 4 Jul, 2019

نیا دور
20 سالہ پاکستانی لڑکی علینہ اظہر نے لیڈی ڈیانا ایوارڈ حاصل کر لیا، انہیں یہ ایوارڈ سماجی خدمات کے اعتراف میں ایک غیر سرکاری برطانوی تنظیم نے لیڈی ڈیانا کی سالگرہ پر دیا ہے۔

علینہ اظہر سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ خواجہ شریف کی نواسی ہیں، جوہر ٹاؤن لاہور کی رہائشی علینہ 11 سال کی عمر سے سماجی کاموں میں حصہ لے رہی ہیں۔

انہوں نے ایک تنظیم بھی بنا رکھی ہے جس کے پلیٹ فارم سے وہ بزرگ شہریوں اور خواجہ سراؤں کی بہبود کا کام کرتی ہیں۔

علینہ کی ان کاوشوں پر انہیں لیڈی ڈیانا ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے، علینہ کے مطابق وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔

سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ خواجہ شریف اپنی نواسی کی کامیابی پر پھولے نہیں سما رہے، ان کا کہنا ہے کہ علینہ نے یہ ایوارڈ حاصل کر کے ملک کا نام روشن کیا ہے۔

علینہ اسکالر شپ پر ترکی پڑھنے جا رہی ہیں، وہ وہاں بھی انسانی خدمت کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتی ہیں، علینہ کی والدہ بھی بیٹی کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔

علینہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے سی ایس ایس کر کے اپنے ملک کے لیے کوئی بڑا کارنامہ انجام دینے کا عزم کر رکھا ہے۔
مزیدخبریں