بھارتی میڈیا رپوٹ کے مطابق گلوکار و سیاست دان سدھو موسے والا کو رواں برس 29 مئی کو گولی مار کر ہلاک کرنے والے انکیت سِرسا کو دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے اُس کے ساتھی سمیت گرفتار کیا ہے۔
اسپیشل سیل این ڈی آر کی ایک ٹیم نے لارنس بشنوئی، گولڈی برار گینگ الائنس کے 2 انتہائی مطلوب مجرموں کو گرفتار کیا ہے۔
انکیت سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث شوٹرز میں سے ایک تھا، وہ راجستھان میں قتل کی کوشش کے 2 مقدمات میں بھی ملوث تھا۔
دوسرے گرفتار ملزم سچن بھیوانی نے سدھو موسے والا کیس میں 4 شوٹرز کو پناہ دی تھی۔
واضح رہے کہ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو 29 مئی کی شام نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔
دوسری جانب سدھو موسے والا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اُنہیں 30 گولیوں کا نشانہ بنایا گیا جبکہ 2 درجن سے زائد گولیاں اُن کے جسم سے نکالی گئیں۔