افغان صدر وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر 27 جون کو پاکستان کا دورہ کریں گے

10:02 AM, 4 Jun, 2019

نیا دور
افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے، وہ 27 جون کو پاکستان کا دورہ کر کے پڑّوسی ملک کے ساتھ نئے تعلقات کے دور کا آغاز کریں گے۔

انہوں نے کہا، میرے اس دورے کا مقصد دونوں ملکوں میں موجود عدم اعتماد کی فضا اور خطے کے ان دونوں ملکوں کے ایک دوسرے پر الزامات کے سلسلے کو خاتمہ کرنا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے دوران دونوں ملکوں کے رہنمائوں کی ملاقات بھی ہوئی تھی۔



وزیراعظم عمران خان نے مشترکہ مفادات پر تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ افغان صدر اشرف غنی کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کر لی۔

افغان صدر نے اپنے ایک پیغام میں کہا، وہ پاکستان کا دورہ ضرور کریں گے۔ انہوں نے یہ کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ یہ دورہ مثبت رہے۔

واضح رہے کہ دونوں رہنمائوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے علاوہ افغان امن عمل پر بھی تبادلہ خیال ہوا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے افغان صدر کو یہ یقین دہانی کروائی تھی کہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن اور دونوں ملکوں میں بہتر دو طرفہ تعلقات کے قیام میں ہر ممکن کردار ادا کرے گا۔

 
مزیدخبریں