عید کے موقع پر خاص پکوان بنائے جاتے ہیں اور ہر ملک ہر علاقے میں اس دن کی مناسبت سے مخصوص کھانے تیار کیے جاتے ہیں جیسے پاکستان اور اس کے پڑوسی ملک انڈیا میں عید کے دن تقریباً ہر گھر میں سویاں تو لازماً بنائی جاتی ہیں۔
عید کے موقع پر دنیا بھر میں تیار کیے جانے والے چند خاص کھانے یہ ہیں۔
روس: مانتی
مانتی، ڈمپلنگ کی ایک قسم ہی ہے۔ اسے مٹن یا بیف کو آٹے میں لپیٹ کر بنایا جاتا ہے اور مکھن یا کھٹی چٹنی کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ اس پکوان کی ترکیب ہر علاقے میں مختلف ہوتی ہے اور عام طور پر روس کے مسلمان اس پکوان کو عید کے موقع پر بناتے ہیں۔
خیال رہے کہ روس میں مسلمانوں کی تعداد کل آبادی کا 15 فیصد ہے۔
چین: سانزی
روایتی پکوان سانزی کو چین کے دو کروڑ 30 لاکھ مسلمانوں میں بہت پسند کیا جاتا ہے۔اس میں گوندھے ہوئے میدے کو تیل میں تل کر کھانے کے لیے پیش کیا جاتا ہے۔
اس ڈش کو صوبے سنکیانگ میں خاص طور پر بہت پسند کیا جاتا ہے جہاں اوغر مسلمانوں کی سپر مارکیٹ میں یہ آسانی سے مل جاتی ہے۔
مشرق وسطیٰ: مکھن کے بسکٹ
مشرق وسطیٰ میں ماہ رمضان اور عید کے موقع پر بٹر کوکیز کی طلب بڑھ جاتی ہے۔
عرب دنیا میں اس پکوان کے مختلف نام ہیں۔
شام میں اسے مامول، عراق میں کلائچہ اور مصر میں اسے کحک کہا جاتا ہے۔
انڈونیشیا - کیتوپت
عام طور پر اسے چند دیگر پکوانوں کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے، خاص طور پر اوپور ایام (ناریل کے سالن میں بنی مرغی) اور سمبال گورینگ کینتنگ (آلو اور بیف/ مرچ پیسٹ میں بنی مرغی کی کلیجی) کے ساتھ۔
برطانیہ - بریانی
برطانیہ میں عید جیسے خاص دن پر بریانی نہ بنے ایسا تو ہو نہیں سکتا۔ یہ ایک مصالحے دار پکوان ہے جسے رنگ برنگے چاول اور بیف یا سبزیوں میں پکایا جاتا ہے، اور عام طور پر بریانی کو دہی سے بنے رائتے کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔
برطانیہ کی کل آبادی کا پانچ فیصد جنوبی ایشیا کے افراد پر مشتمل ہے۔
کمبابور: صومالیہ
کمبابور نامی روٹی صومالیہ میں کافی پسند کی جاتی ہے اور یہ دیکھنے میں پین کیک جیسی ہی ہوتی ہے۔ اسے گرم گرم کھایا جاتا ہے۔
اس کریپ جیسے پکوان کو چینی چھڑک کر دہی کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔
اسی طرح کے ایک پکوان کو ایتھوپیا میں انجیرا کہا جاتا ہے۔