سروسز ہسپتال لاہور: کرونا کا شکار انستھیزیا ڈیپارٹمنٹ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر حافظ مقصود انتقال کرگئے

07:52 AM, 4 Jun, 2020

نیا دور
کرونا وائرس  کی وبا نے پاکستان میں بھیانک شکل اختیار کر لی ہے اور روزانہ کیسز کی تعداد اور اموات میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے۔ لیکن فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹرز نرسز اور دیگر پیرا میڈیکل سٹاف اس سے خطرے میں ہیں اور پاکستان میں اب تک کئی 2000 سے زائد  طبی شعبے سے تعلق رکھنے والے  ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر سٹاف اس وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ جبکہ کئی اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں۔

تازہ ترین خبر کے مطابق سروسز ہسپتال میں انستھیزیا کے شعبے میں اسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹرحافظ مقصود کرونا وائرس سے جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر مقصود کرونا آئی سی یو میں اپنے فرائض سر انجام دے رہے تھے جب وہ وائرس کا شکار ہوئے۔ طبعیت بگڑنے پر کل انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا اور وہ آج صبح  6 بجے انتقال کر گئے۔ 

نیا دورسے گفتگو میں انکے کئی ساتھی ڈاکٹرز نے بتایا کہ  بطور اینستھیزیا پروفیسر وہ معمول میں بھی آئی سی یو کے نگران ہوتے تھے۔ تاہم کرونا کے دنوں میں انہوں نے اپنے آپ کو  تشویش ناک مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے مزید تندہی سے وقف کردیا۔

انکے چند شاگرد ڈاکٹرز نے نیا دور کو بتایا کہ  پروفیسر صاحب ایسے مسیحا تھے جو وینٹی لیٹر پر زیر علاج مریضوں کو زندگی کی طرف واپس لانے میں کردار ادا کرتے تھے اور انہوں نے وینٹی لیٹر پر ہی اپنی جان جان آفریں کے سپرد کی۔

سروسز ہسپتال انتظامیہ نے کہا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر حافظ مقصود شہید اس قوم کے مسیحا تھے جن کے بغیر ہم ہمیشہ خود کو ادھورا پائیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی پروفیسر حافظ مقصود کو خراج عقیدت پیش کیا۔
مزیدخبریں