وزیراعظم عمران خان کا ٹائیگر فورس سے ٹڈیوں کے خاتمے و دیگر کام لینے کا فیصلہ

07:42 PM, 4 Jun, 2020

نیا دور
وزیراعظم عمران خان نے کرونا ریلیف ٹائیگر فورس سے ٹڈیوں کے خاتمے سمیت مزید محاذوں پر بھی خدمات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے ملاقات کی اور انہیں کامیاب جوان پروگرام کی پیش رفت اور کرونا ریلیف ٹائیگر فورس سے متعلقہ معاملات پر بریفنگ دی۔

عثمان ڈار کے مطابق وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹائیگر فورس سے مزید محاذوں پر بھی خدمات لی جائیں، اس سلسلے میں وزیراعظم جلد رضا کار فورس کے نوجوانوں سے اہم خطاب کریں گے۔

ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو قومی سطح پر خدمات کا بھر پور موقع دیا جائے گا اور یہ نوجوان رضا کار مستقبل میں بھی قومی معاملات میں معاونت کریں گے۔

عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ ٹائيگر فورس سے کرونا کے ساتھ ٹڈیوں کے خاتمے، ممکنہ سیلابی صورتحال اور کلین اینڈ گرین مہم میں بھی خدمات لی جائيں گی۔

معاون خصوصی کے مطابق وزیراعظم ٹائیگر فورس کو کرونا وائرس کے حوالے سے ضابطہ کار (ایس او پیز) پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس کے دوران لاک ڈاؤن کی وجہ سے مستحق افراد کے گھروں تک راشن پہنچانے کے لیے ٹائیگر فورس بنانے کا اعلان کیا تھا، یہ نوجوانوں پر مشتمل ایک رضا کار تنظیم ہے تاہم حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن تقریباً ختم کردیا گیا ہے جس کے بعد اس فورس کا قیام بے مقصد ہوگیا ہے۔
مزیدخبریں