لکی مروت میں پولیو ٹیم پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔ دونوں جانب سے فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار زخمی ہو گیا جبکہ ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔
لکی مروت میں پانچ روزہ پولیو مہم کا آج دوسرا روز ہے۔ ضلع بھر میں پولیس کے حفاظتی حصار میں پولیو مہم جاری ہے۔ گذشتہ روز ایک ناخوشگوار واقعہ اس وقت پیش آیا جب سب ڈویژن بیٹنی کے علاقے سور ڈاگ ورگاڑی میں پولیو ٹیم بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں مصروف تھی جبکہ پولیس اہلکار بصتر علی پولیو ٹیم کی حفاظت پر چوکس کھڑا تھا۔ اس دوران 4 سے 5 دہشت گردوں نے پولیس اہلکار پر حملہ کر دیا۔ پولیس اہلکار سے خطرہ بھانپتے ہوئے دہشت گردوں پر جوابی فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس جوان اور دہشت گردوں کے مابین کچھ دیر تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں پولیس اہلکار زخمی ہوا جبکہ 2 دہشت گرد بھی زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گرد اپنے ایک زخمی ساتھی کو اٹھا کر لے گئے جبکہ دوسرا دہشت گرد جائے وقوعہ پر ہی ہلاک ہو گیا۔
پولیس ترجمان شاہد حمید کے مطابق زخمی پولیس اہلکار کو فوری طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لکی مروت منتقل کر دیا گیا ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس نے ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے ایک عدد کلاشنکوف، ایمونیشن اور ہینڈ گرنیڈ برآمد کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور رپورٹس کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ جبکہ ہلاک دہشت گرد کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تیمور خان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لکی مروت میں زخمی پولیس اہلکار کی عیادت کی۔ ڈی پی او لکی مروت نے زخمی پولیس اہلکار کی بہادری پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ ڈی پی او نے کانسٹیبل بصتر علی کے علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے متعلقہ افسران اور ڈاکٹرزکو ہدایات دیں۔ انہوں نے پولیس جوانوں کے پاس جا کر انہیں چوکس رہنے کی ہدایت کی تاکہ مزید کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔
پولیو کمپین سکیورٹی کی براہ راست نگرانی ڈی پی او لکی مروت تیمور خان خود کر رہے ہیں۔ پولیو ٹیموں کے ساتھ پولیس کے 1850 پولیس افسران و جوان سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔