ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کی جانب سے لائیو ٹی وی شو میں تجزیہ نگار اور صحافی ماروی سرمد کے لیے نامناسب الفاظ کا استعمال کرنے پر عامر لیاقت نے کہا ہے کہ خلیل الرحمان قمر نے مردوں کے سر شرم سے جھکا دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’’تیری ایسی کی تیسی‘‘؛ خلیل الرحمان قمر کی لائیو شو میں ماروی سرمد کے ساتھ بدتمیزی
سماجی روابط کی ویب سائٹ پر ٹوئٹر پر ٹوئٹس کرتے ہوئے رہنما پاکستان تحریک انصاف اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت نے لکھا کہ آپ کو نہیں پسند، ٹھیک ہے۔ نظریے سے اختلاف ہے، مناسب ! مگر یہ طرز تکلم تو اس مخبر خاتون کے ساتھ مولا علی کا بھی نہیں تھا جس نے جنگ میں مخبری کا کام سر انجام دیا۔ خلیل الرحمن قمر! تم نے مَردوں کے سر شرم سے جھکا دیے اور تکبر سے معاشرے کو تقسیم کر دیا۔
ایک اور ٹوئٹ میں عامر لیاقت نے لکھا کہ سوال یہ نہیں ہے کہ ہم کس عورت کے ساتھ ہیں اور کس کے نہیں؟ سوال یہ بھی نہیں ہے کہ جسم اور مرضی کی وضاحتیں ہوں؟ سوال یہ ہے کہ اختلاف کے لیے دلیل بلند ہو، آواز نہیں، کسی کے جسم اور اس کی شکل پر پُرغرور انداز میں متکبرانہ فقرے کسنا ”خلقت خداوندی” کی توہین ہے۔
ٹوئٹس کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے عامر لیاقت نے یہ بھی لکھا کہ خلیل الرحمان قمر کا فرعونی انداز دیکھ کر مولائے کائنات سیدنا علی المرتضی کرم اللہ وجہہ الکریم کا یہ قول مبارک پھر سامنے آگیا “طاقت، دولت، شہرت اور اختیار (یا اقتدار) انسان کو بدلتے نہیں بے نقاب کر دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر نیو ٹی وی کا کلپ ہزاروں بار شیئر کیا جا چکا ہے جس میں خلیل الرحمان قمر کی گفتگو سنی جاسکتی ہے۔ خلیل الرحمان قمر نے عورت مارچ کے دوران گذشتہ سال پیش کیے گئے نعرے ’’ میرا جسم میری مرضی’’ پر شدید تنقید کی تھی جس پر ماروی سرمد نے انہیں جواب دیا۔ یوں تلخ کلامی شروع ہوگئی، اس کے بعد خلیل الرحمان قمر نے ماروی سرمد کے ساتھ نازیبا زبان استعمال کی۔
ماروی سرمد کہتی ہیں کہ خلیل الرحمان قمر نے ان کے ساتھ انتہائی نا مناسب انداز میں بات کی۔