پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تینوں کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 2 ٹیموں کے مزید 3 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق تینوں کھلاڑی 10 روز تک آئسولیشن میں رہیں گے اور تینوں کھلاڑیوں نے ڈبل ہیڈر میچز میں شرکت نہیں کی۔
پی سی بی نے کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ہر تین روز بعد کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کا فیصلہ کیا تھا جبکہ مزید کیسز سامنے آنے پر پی سی بی لاہور کے میچز کو بھی کراچی منتقل کرنے پر غور کر رہی ہے۔
بائیو سیکیور ببل بریک ہونے کے بعد ایک سے دوسرے شہر میں میچز کے انعقاد سے وائرس پھیلنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
شائقین کرکٹ کی تعداد 50 فیصد سے کم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے جب کہ کرکٹرز کی ہوٹل میں چہل قدمی بھی محدود کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
پی سی بی کھلاڑیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت پہلے ہی کر چکا ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل بھی تین کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے جنہیں 10 روز کے لیے قرنطینہ کر دیا گیا جبکہ اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے آسٹریلوی کھلاڑی فواد احمد عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔