شہباز شریف نے دوسری بار وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھا لیا

شہباز شریف نے حلف لیتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے کہے گئے الفاظ دہرائے اور مملکت کے لیے بلا عناد و تفریق کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

03:46 PM, 4 Mar, 2024

نیا دور

وزیراعظم شہباز شریف نے دوسری بار وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف برداری کے بعد شہباز شریف اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 24ویں وزیراعظم بن گئے ہیں۔

تقریبِ حلف برداری ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف سے حلف لیا۔شہباز شریف نے عارف علوی کے کہے گئے الفاظ دہرائے اور مملکت کے لیے بلا عناد و تفریق کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

بعدازاں انہیں شرکا نے مبارک بادیں پیش کیں۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

تین صوبوں پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما ایوان صدر پہنچ چکے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور دیگر سروسز چیفس وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت ہوئے، سبکدوش نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

علاوہ ازیں سربراہ مسلم لیگ ن نواز شریف، شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو بھی تقریبِ حلف برداری میں شریک ہوئے۔

وزیراعظم شہبازشریف کی حلف برداری کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں مسلح افواج کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا جب کہ سبکدوش ہونے والے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو بھی گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعظم آفس کے عملے کا تعارف بھی کروایا جائے گا جب کہ شہباز شریف سے نگران وزیراعظم کے منصب سے سبکدوش ہونے والے انوارالحق کاکڑ کی ملاقات بھی ہوگی۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ میں شہباز شریف 201 ووٹ حاصل کرکے وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار عمر ایوب خان نے 92 ووٹ حاصل کیے تھے۔

مزیدخبریں